راؤ دلشاد : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور نامزد وزیراعظم شہبازشریف سے ایم کیوایم وفد کی ملاقات ہوئی۔
ایم کیوایم وفد گورنر سندھ کامران ٹسوری، مصطفی کمال اور ڈاکٹر فاروق ستار پر مشتمل تھا۔ ملاقات میں سینیٹر اسحاق ڈار، رانا ثناءاللہ خاں، سردار ایاز صادق ،خواجہ سعد رفیق، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، رانا مشہود، عطاءاللہ تارڑاور دیگر راہنمابھی موجود تھے۔
ملاقات میں ملکی صورتحال اور سیاسی تعاون کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ شہبازشریف نے ایم کیوایم کے تعمیری اور مثبت جذبے کو سراہا، کہا کہ تمام جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام ووٹ کو عزت دینا ہے، ہم سب جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں، سب کی ذمہ داری ہے کہ مل کر ملک کو معاشی خطرات سے بچائیں۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد اور پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے میں ایم کیو ایم کے کردار کو سراہتے ہیں۔
قائدین کی جانب سے اتفاق کیا گیا کہ عوام کی خدمت کے لئے ہم سب متحد ہوکر آگے بڑھیں گے، سیاسی مفادات کے بجائے قومی مفادات ترجیح ہیں۔ ایم کیو ایم وفد نے شہبازشریف کی ملک وقوم کے لئے خدمات کو سراہا، کہا کہ شہبازشریف 16 ماہ کے دوران تمام اتحادیوں کو بڑی خوش اسلوبی سے ساتھ لے کر چلے، امید ہے کہ آپ کی قیادت میں پاکستان اور عوام کو مسائل سے نجات ملے گی۔