آئی ایم ایف  نے  پاکستان کی نئی منتخب حکومت کے ساتھ کام کرنے کا عندیہ دیدیا

 آئی ایم ایف  نے  پاکستان کی نئی منتخب حکومت کے ساتھ کام کرنے کا عندیہ دیدیا
کیپشن: File photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (ویب ڈیسک) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)  نے معاشی استحکام کیلئے  پاکستان کی نئی منتخب حکومت کے ساتھ کام کرنے کی تیاری کا عندیہ دیدیا۔

 تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر کمیونیکیشن آئی ایم ایف جولی کوزیک نے میڈیا بریفنگ میں معاشی استحکام سے متعلق نگران حکومت کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت کے دور میں حکام نے معاشی استحکام کو برقرار رکھا، مہنگائی قابو میں رکھنے، زرمبادلہ بڑھانے کیلئے حکام نے سخت مانیٹری پالیسی پر عمل کیا،جولی کوزیک نے بتایا کہ 11 جنوری کو آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے سٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے پہلے ریویو کی منظوری دی جس کے تحت پاکستان کو 1.9 ارب ڈالر جاری ہوئے، قرض پروگرام سے پاکستان کو معاشی استحکام کی کوششوں میں مدد مل رہی ہے۔

 ڈائریکٹر کمیونیکیشن آئی ایم ایف نے کہا کہ قرض پروگرام میں مضبوط فوکس کمزور طبقے کا تحفظ ہے، پاکستان میں میکرو اکنامک استحکام کو یقینی بنانے کیلئے نئی حکومت کے ساتھ پالیسی پر کام کرنے کے منتظر ہیں تاکہ وسیع تر اقتصادی استحکام اور پاکستانی شہریوں کی خوشحالی یقینی بنائی جائے۔

 جولی کوزیک کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پاکستان میں غریب طبقات کے تحفظ کو یقینی بنانا چاہتا ہے، پاکستان کی نئی منتخب حکومت کے ساتھ معاشی اہداف کیلئے کام کرنا چاہتے ہیں،ڈائریکٹر کمیونیکیشن نے مزید کہا ہے کہ امید ہے نئی منتخب حکومت مہنگائی میں کمی کیلئے سخت مانیٹری پالیسی اختیار کرے گی، امید ہے کہ نئی منتخب حکومت پاکستانی عوام کی خوشحالی کیلئے کام کرے گی بانی پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف کو خط لکھنا سیاسی معاملہ ہے، اس پر بات چیت نہیں کروں گی، آئی ایم ایف پاکستان کے اندرونی سیاسی معاملات میں بیان نہیں دیتا۔