(ویب ڈیسک) انسداد دہشت گردی عدالت نے اسلام آباد پولیس کی محسن بیگ کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا ۔
رپورٹ کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت کے جج محمد علی وڑائچ کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی ، جج نے پولیس سے دریافت کیا کہ کیا تفتیش مکمل ہو گئی ہے جس پر مارگلہ پولیس نے مزید دو دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ عدالت کے استفسار پر کہ کون سی ویڈیو لینی ہے کیا پولو گرافکس ٹیسٹ ہو گیا ہے جس پر سرکاری وکیل نے کہا کہ پولو گرافکس ٹیسٹ ہو چکا ہے۔
ملزم کے وکلا نے عدالت کے روبرو کہا کہ تھانے میں ہمیں ملاقات کی اجازت نہیں دی جاتی۔ مقدمہ میں صرف پسٹل کا ذکر ہے اب ویڈیو کا بہانہ بنایا جا رہا ہے جس باکس کا کہہ رہے ہیں وہ باکس پولیس اٹھا کر لے جا چکی ہے جس پرانسداد دہشت گردی عدالت نے اسلام آباد پولیس کی مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی۔
عدالت نے محسن بیگ کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا ہے اور جوڈیشل ریمانڈ کے بعد دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔