(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر آئی ٹن میں دھماکے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ پولیس اہلکاروں کی زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے ٹیکسی روکی جس کی تلاشی لینے کے دوران گاڑی میں بارودی مواد پھٹنے سے دھماکا ہوا,جس کے بعد گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی، دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ 6 زخمی ہوگئے، دھماکے کی اطلاع ملنےپر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، پولیس نے زخمی اہلکاروں کو پمز ہسپتال منتقل کردیا، پولیس کی جانب سے علاقے کو گھیرے میں لے کر دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے۔
گاڑی کی تفصیلات منظر عام پر آگئیں
اسلام آباد دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی کی تفصیلات سامنے آگئیں، ریکارڈ کےمطابق ایل ای ائی 17 سترہ ترانوےسجاد حیدر شاہ کے نام پر رجسٹرڈ ہے، گاڑی مالک رہانا ساداہت چکوال کا رہائشی ہے، 1991ماڈل گاڑی کو 2017میں دوبارہ نمبر جاری کیا گیا،گاڑی کی سسٹم میں کیٹگری ٹیکسی کے نام سے ہے۔
پولیس کی فرض شناسی سے اسلام آباد بڑے حادثے سے محفوظ رہا: رانا ثناءاللہ
اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین میں ہونے والے خودکش دھماکے کے تناظر میں بیان جاری کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ آج صبح بارود سے بھری گاڑی راولپنڈی سے اسلام آباد میں داخل ہوئی، جس میں ایک مرد اور خاتون دہشت گرد سوار تھے۔
انہوں نے کہا کہ بارود سے بھری گاڑی آئی جے پرنسپل روڈ راولپنڈی سے اسلام آباد میں داخل ہوئی، جو وفاقی دارالحکومت میں ہائی ویلیو ٹارگٹ کو نشانہ بنانے کے لیے روانہ کی گئی تھی۔ایگل اسکواڈ نے دوران گشت مشکوک سمجھتے ہوئے گاڑی کو روکا تو گاڑی میں دھماکا ہو گیا، جس میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوگئے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس کی فرض شناسی سے اسلام آباد بڑے حادثے سے محفوظ رہا۔ فرض شناسی پر اسلام آباد پولیس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ شہید عدیل حسین کو شہدا پیکیج دیا جائے گا۔ انہوں نے شہید کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے واقعے میں زخمی ہوانے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
دھماکے کی رپورٹ طلب
وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10 فور میں خود کش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے شہید ہیڈ کانسٹیبل عدیل حسین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، پولیس اہلکاروں نے اپنے لہو کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کو روکا ہے، پوری قوم مل کر دہشت گردی کے خاتمے تک جنگ جاری رکھے گی، وزیر اعظم نے دھماکے میں زخمی ہونیوالوں سے ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔