(مانیٹرنگ ڈیسک) پشاور میں نامعلوم افراد نے چیک پوسٹ پر تعینات پولیس اہلکار کو فائرنگ کرکے شہید کر دیا۔
ذرائع کے مطابق پولیس اہلکار گلفراز خان باڑہ قدیم چیک پوسٹ پر تعینات تھا جبکہ اس کا دوسرا ساتھی چیک پوسٹ کے قریب نماز پڑھنے میں مصروف تھا کہ اس دوران پیدل آنے والے ایک شخص نے چیک پوسٹ کے اندر داخل ہو کر کانسٹیبل گلفراز خان کو گولی مار دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پرہی توڑ گیا۔
فائرنگ کرنے والے دہشتگرد کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ اس کو دوسرے ساتھی کی معاونت حاصل تھی جس نے چیک پوسٹ کے قریب موٹر سائیکل کھڑی کی تھی اور واردات کے بعد دونوں ملزمان موٹرسائیکل پر فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ نائن ایم ایم پستول سے کی گئی جس کے خول برآمد کر لیے گئے ہیں اور واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔