(سٹی42)جرائم کی روز نئی داستانیں رقم ہورہی ہیں، سنگین وارداتوں میں کئی ماؤں کی گودہیں اجڑ گئیں، کئی بچے یتیم ہوگئے،ایک ایسا ہی واقعہ قصور میں پیش آیا جہاں عدالت پیشی پر آتے 3 سگے بھائیوں پر مخالفین نے فائرنگ کردی، نتیجے میں 2 بھائی جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق قصور کے نواحی علاقے کھڈیاں خاص میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں دن دیہاڑے 2 بھائی قتل ہوگئے، کچہری تاریخ پر جاتے تین سگے بھائیوں پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی،فائرنگ کے نتیجہ میں 2 بھائی موقع پر جابحق جبکہ تیسرا بھائی اور ایک راہگیر شدید زخمی ہوا،واقعہ کے فوری بعد پولیس موقع پر پہنچی جبکہ لوگوں کا بھی بڑا ہجوم لگ گیا،لرزہ خیزواردات میں قتل ہونے والے سگے بھائی آج عدالت تاریخ پر جارہے تھے، پولیس ذرائع کا کہناتھا کہ واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے۔
قصور کے نواحی علاقہ کھڈیاں خاص میں ہونے والے افسوس ناک واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت صابر اور مسکین کے نام سے ہوئی ہے، ریسکیو1122 ٹیم نےزخمی افراد کو ہسپتال منتقل کردیا۔پولیس کا کہناتھا کہ ملزمان کی گرفتاری جلد از جلد ہوگی، تلاش کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دی جائے گی،اصل حقیقت کیا ہے ملزمان کی گرفتاری کے بعد ہی معلوم ہوگی۔
یاد رہے کہ لاہور سمیت صوبے میں کرائم کی بگڑتی صورتحال، وفاقی حکومت نے چھ ماہ کی رپورٹ طلب کر لی۔ رپورٹ کے بعد افسران کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ وفاقی حکومت نے پنجاب حکومت سے پولیس کارکردگی کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔ سنگین جرائم، قبضہ گروپس اور ٹارگٹ کلرز کی رپورٹ طلب کی گئی۔ چھ ماہ کے دوران کتنے ملزمان کو سزائیں ہوئیں اور کتنی ریکوری کی گئی سب کچھ رپورٹ میں وفاقی حکومت کو بھجوایا جائے گا۔