(بسام سلطان)کورونا وائرس کے پیش نظر محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ نے بڑا فیصلہ کرتے صوبے کے تین شہروں میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈائون نافذ کر دیا۔ لاہور کے 12 مقامات کو مائیکرو سمارٹ لاک ڈائون میں شامل کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے پیش نظر پنجاب کے تین شہروں میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاون لگادیا گیا۔ لاہور کے 12 مقامات پر مائیکرو سمارٹ لاک ڈاون لگایا گیا۔ لاہور کی 19،538 کی آبادی کو لاک ڈاون کیا گیا۔ لاہور کے 12 مقامات سے 28 کورونا کے کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
راولپنڈی کے 3 مقامات پر مائیکروسمارٹ لاک ڈاون کیاگیا، راولپنڈی کے 947 افراد کو لاک ڈاون کیا گیا، راولپنڈی کے 3 مقامات سے 7 کیسز رپورٹ ہوئے تھے،این سی او سی نے راولپنڈی کے 3 علاقوں میں مائیکرو لاک ڈاون کی نشاندہی کر دی ۔ گلی نمبر 3 چوہڑ ہڑپال ، آر ڈی اے کالونی لیاقت باغ اور نجی رہائشی کالونی کے ایک فیز کی گلی میں بھی مائیکرو لاک ڈاون کا اطلاق ہو گا۔
تینوں علاقوں سے 7 نئے کورونا وائرس کے کیس سامنے آچکے ہیں، مایئکرو سمارٹ لاک ڈاون کے دوران متاثرہ علاقوں میں کورونا ایس او پی کا مکمل اطلاق ہو گا،دوسری جانب گجرانوالہ کے 2 مقامات پر 53 افراد کو لاک ڈاون کردیا گیا۔مثبت کیسز والے گھروں کو لاک ڈاون کیا گیا،لاک ڈاون کا اطلاق 14 دن کے لیے ہوگا، لاک ڈاؤن کے لیے پولیس کو ڈیوٹی پر مامور کر دیا گیا۔
قبل ازیں راولپنڈی کی ضلعی انتطامیہ کے مطابق باغ سرداراں اور نجی رہائشی کالونی کی ایک گلی میں مائیکرو لاک ڈاون ہوگا،تیسرے علاقہ کا نام ابھی حتمی فائنل نہیں ہوا تھا،ضلعی انتظامیہ کے مطابق لاک ڈاؤن والے علاقوں میں داخلے اور باہر جانے پر پابندی ہوگی تاہم اشیا خورونوش، ادویات، جنرل اسٹور، تندور اور ایمرجنسی سروس کی دکانیں کھلی رہیں گی۔