ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نواز دیا گیا

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک : گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کوڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری  سے نواز دیا ۔
گورنر سندھ  کامران ٹیسوری کا ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو اعزازی ڈگری دینے پر  خطاب میں کہا کہ جامعہ کراچی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کو اعزازی ڈگری دیناجامعہ کراچی کے لئے اعزاز ہے،پاک ایران سفارتی تعلقات کئی دہائیوں پر مشتمل ہیں،  گورنر سندھ نے کہا کہ میری کوشش اور خواہش یہ ہے کہ مسلم ممالک کے درمیان ایک مثالی تعلق ہو،ایران اور پاکستان کے تعلقات کو مزید مضبوط کرنا چاہتا ہوں،میں ایران کے کئی صوبوں کا دورہ کرکے وہاں کے تاجروں اور صنعت کاروں سے ملاقات بھی کرچکا ۔ 
 گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا مزید کہنا تھاکہ  ایرانی سرمایہ کاروں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ سرمایہ کاری کے سازگار ماحول سے فائدہ اٹھائیں،میری خواہش ہے کہ ایرانی سرمایہ کار ایس آئی ایف سی کے منصوبوں میں شمولیت اختیار کریں،ایرانی سفیر اور قونصل جنرل دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

 دوسری جانب ایرانی صدر کے اعزاز میں وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ،ترجمان وزیراعلیٰ سندھ  کا کہنا تھا کہ تقریب میں 900 افراد نے شرکت  کی ہے، 
تقریب میں صوبائی وزراء، چیف سیکریٹری اور آئی جی پولیس بھی شریک ہوئے ،وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ صدر ابراہیم رئیسی کو سندھ  میں خوش آمدید کہتا ہوں، پاکستان اور ایران کے تعلقات صدیوں پر محیط ہیں،  ہمارے مابین مذہبی، علمی، تہذیبی اور اقتصادی روابط استوار ہیں۔

  وزیر اعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھاکہ صدر پاکستان نے ایران کو ہمیشہ ایک قابلِ بھروسہ دوست تصور کیا ہے، پاکستان اور ایران آج تاریخ کے ایک اہم دور سے گزر رہے ہیں، فلسطین اور کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی لمحہ فکریہ ہے، فلسطین اور کشمیر کے مسائل کا پر امن حل وقت کی ضرورت ہے، پاکستان کا اصولی موقف ہے کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کی جائے، فلسطینی عوام کو حق دیا جائے، کوشش ہے کہ تجارت اور سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا کرسکیں، سندھ میں سرمایہ کاری کے نادر مواقع موجود ہیں، سندھ سرمایہ کاری کیلئے محفوظ اور پرکشش مقام ہے، پر امید ہوں اس خطے کی ترقی کے  سفر کا آغاز سندھ سے ہوگا۔