ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین عمران خان کا کہنا ہےکہ نگران حکومت کی مدت ختم ہو چکی، اسے ختم کر کے نئی نیوٹرل نگران حکومت بنائی جائے ۔
تفصیلات کےمطابق عمران خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اتحادی حکومت کیساتھ مذاکرات کیلئے شاہ محمود قریشی کو مینڈیٹ دیا ہے اور کسی نے بھی ابھی تک ان سے مذاکرات کیلئے رابطہ نہیں کیا ہے، یہ لوگ مذاکرات الیکشن میں تاخیر کرنے کیلئے استعمال کریں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کا بہت بڑا ردعمل آ رہا ہے اور عوامی ردعمل کی وجہ سے یہ لوگ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، سپریم کورٹ نے 14 مئی کی تاریخ دے دی ہے، ہم ان کو آگے جانے نہیں دیں گے، اگر یہ سمجھتے ہیں سپریم کورٹ کو دباؤ میں لا کر آگے نکلیں گے تو ہم یہ ہونے نہیں دیں گے، یہ لوگ الیکشن سے ڈرے ہوئے ہیں، یہ لوگ الیکشن سے بھاگنے کے لیے سپریم کورٹ کو متنازع کریں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہماری سب سے بڑی شرط ہےکہ نگران حکومت کی مدت ختم ہو گئی، یہ غیر قانونی ہو گئی ہے، نگران حکومت ختم کر کے نئی نیوٹرل نگران حکومت لائی جائے، ہم اڑے ہوئے ہیں کہ 14 مئی سے آگے پنجاب کا الیکشن نہیں جائے گا، اکتوبر میں بھی پیسے نہیں ہو سکتے، حالات خراب ہو سکتے ہیں، ہم نے 14 مئی سے آگے نہیں جانا، وزیراعظم اسمبلی تحلیل کر دے تو جولائی میں الیکشن ہو سکتے ہیں۔