اہم ٹوئٹر پروفائل اکاؤنٹس پر بلیو ٹِک مفت بحال ہونا شروع

اہم ٹوئٹر پروفائل اکاؤنٹس پر بلیو ٹِک مفت بحال ہونا شروع
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مانیٹرنگ ڈیسک: 20 اپریل کی شب سوشل میڈیا نیٹ ورک ٹوئٹر نے ایسے تمام افراد کے اکاؤنٹس سے بلیو ٹِک ہٹا دیے تھے جو  ماضی میں مفت حاصل ہوئے تھے۔

ایلون مسک کی زیرملکیت کمپنی کے اس اقدام کا مقصد صارفین کو ٹوئٹر بلیو سبسکرپشن سروس کا حصہ بننے پر مجبور کرنا ہے تاکہ آمدنی میں اضافہ ہو سکے۔مگر چند دن بعد ہی ٹوئٹر نے لاکھوں فالوورز رکھنے والی متعدد اہم شخصیات کے اکاؤنٹس پر بلیو ٹِک کو بحال کر دیا ہے۔

ان افراد نے بلیو ٹِک کو حاصل کرنے کے لیے کسی قسم کی فیس بھی ادا نہیں کی یا کم از کم ان کا تو یہی کہنا ہے۔یہی وجہ ہے کہ وہ اپنے اکاؤنٹس پر بلیو ٹِک کو واپس دیکھ کر حیران رہ گئے ہیں۔

یہ واضح نہیں کہ ان کے اکاؤنٹس دوبارہ ویریفائیڈ کیسے ہوگئے جبکہ وہ ٹوئٹر بلیو کا حصہ بننے سے انکار کر رہے ہیں، تاہم ان کے بلیو ٹِک پر کلک کیا جائے تو یہی لکھا آتا ہے کہ وہ ٹوئٹر بلیو کے صارف ہیں۔

نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے ایک ٹوئٹ میں اس حوالے سے بتایا۔

انہوں نے کہا کہ 'میں نہیں جانتی کہ ایسا کیسے ہوا مگر بلیو ٹِک پاکر میں خوش ہوں تاکہ سب کو معلوم ہوسکے کہ میں ملالہ ہوں'۔اداکارہ پریانکا چوپڑا نے بھی ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ پتا نہیں کیسے مگر بلیو ٹِک واپس مل گیا ہے۔

ٹینس اسٹار اینڈی مرے کا بلیو ٹِک مفت میں بحال ہوگیا یا کم از کم ان کا یہی دعویٰ ہے۔

ٹوئٹر کی جانب سے اس بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا جس سے معلوم ہوتا کہ ان شخصیات کے اکاؤنٹس دوبارہ ویریفائیڈ کیسے ہوگئے۔

البتہ ایلون مسک نے چند دن پہلے کہا تھا کہ وہ باسکٹ بال پلیئر لی بورن جیمز، اور مصف اسٹیفن کنگ کے اکاؤنٹس کے بلیو ٹِک کی فیس خود اپنی جیب سے ادا کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ ایلون مسک نے اکتوبر 2022 میں ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد مفت بلیو ٹک پروگرام کو کرپٹ قرار دیتے ہوئے اکاؤنٹ کو ویریفائیڈ کرانے کا عمل ماہانہ فیس سے مشروط کر دیا تھا۔