(شاہین عتیق) آمدن سے زائد اثاثے جات اور منی لانڈرنگ ریفرنس کیس میں گرفتار میاں محمد شہباز شریف کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا ئی مل گئی, حمزہ شہباز نے والد کا استقبال کیا، لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد جیل کے باہرپہنچی، پھول نچھاور کیے.
احتساب عدالت کے جج شیخ سجاد کی عدالت میں ن لیگی رہنما سیف الملوک کھوکھر اور چوہدری محمد نواز کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کے ضمانتی مچلکے جمع کروائے گئے، مچلکوں کی تصدیق کے بعد عدالت نے روبکار جاری کی جو جیل حکام کو بھجوا گئی تھی، جیل حکام کو روبکار ملنے کے بعد شہباز شریف کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کردیا گیا۔
خواجہ عمران نذیر نے شہباز شریف کی رہائی کے متعلق ایک ویڈیو پیغام جاری کیا، ویڈیو پیغام میں خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ ہائی کورٹ نے میرٹ پر شہباز شریف کی ضمانت منظور کر لی ہے،اللہ نے شہباز شریف کو کروڑوں لوگوں کی دعا کے طفیل سرخرو کیا ہے،کورونا وبا اور رمضان شریف کے احترام میں شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق استقبال نہیں ہوگا، شہباز شریف کو ان کی فیملی کے افراد لینے جائیں گے، کوئی کارکن یا ساتھی جیل نہیں جائے گا، شہباز شریف جلد کارکنوں سے ملیں گے
واضح رہےکہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ کے تین رکنی بنچ نے میاں محمد شہباز شریف کی آمدن سے زائد اثاثے، منی لانڈرنگ ریفرنس میں ضمانت منظور کر کے پچاس پچاس لاکھ کے دو مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا تھا، شہباز شریف کو ستمبر 2020 کو لاہور ہائی کورٹ سے عبوری ضمانت خارج ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا۔