ایم فل، پی ایچ ڈی تھیسز کے ڈیفنس آن لائن منعقد کرانے کی منظوری

 ایم فل، پی ایچ ڈی تھیسز کے ڈیفنس آن لائن منعقد کرانے کی منظوری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

اکمل سومرو: وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی کی زیر صدارت اکیڈیمک کونسل کا آن لائن اجلاس، ایم فل اور پی ایچ ڈی تھیسز کے ڈیفنس آن لائن منعقد کرنے اور انگریزی، سیاسیات اور سوشیالوجی کے مضامین کا امتحان اولڈ سکیم کے تحت آن لائن لینے کی منظوری دے دی گئی۔

وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد کی زیر صدارت پنجاب یونیورسٹی اکیڈیمک کونسل کا آن لائن اجلاس منعقد ہوا جس میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیم مظہر، رجسٹرار ڈاکٹر محمد خالد خان ڈینز، صدور شعبہ اور پروفیسرز نے شرکت کی۔ اکیڈیمک کونسل کے اجلاس میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کے تھیسز کے ڈیفنس آن لائن سسٹم کے ذریعے منعقد کرانے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایڈوانسڈ سٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ میں پی ایچ ڈی امیدوار اپنے ریسرچ پروپوزل آن لائن پیش کریں گے جن پر فیصلہ کیا جائے گا۔ اکیڈیمک کونسل کے اجلاس میں آن لائن امتحانات سے متعلق بھی اہم سفارشات پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ پہلی ترجیح یہ ہے کہ حالات نارمل ہونے پر آن کیمپس طلباء و طالبات کے مڈ اور فائنل امتحان یونیورسٹی کھلنے کے بعد کیمپس میں جون کے آخر میں لیں گے جبکہ حالات بہتر نہ ہونے کی صورت میں اگست کے آخر میں آن کیمپس طلباء و طالبات کا آن لائن امتحانات لینے کے لئے اقدامات شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

آن لائن امتحان لینے کی صورت میں وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ پروفیسر نیاز احمد نے سوالنامے کی رازداری، سافٹ وئیر سکیورٹی اور آئی ٹی کی سہولت یقینی بنانے کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پانچ سالہ ایل ایل بی پروگرام کے پہلے سال کے انگریزی، سیاسیات اور سوشیالوجی کے مضامین کا امتحان اولڈ سکیم کے تحت آن لائن ہو گا۔ اکیڈیمک کونسل نے شعبہ جات کی سطح پر آن لائن کلاسز کی مانیٹرنگ کے لئے کوالٹی اشورنس کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ تکنیکی معاملات کی نگرانی اور مسائل کے حل کے لئے یونیورسٹی کی سطح پر ٹیکنیکل کمیٹی کے قیام کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

اجلاس میں مختلف مضامین کی ایکریڈیٹیشن کونسلز کے معیار کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ الحاق کالجز کو تعلیمی معیار کو یقینی بنانے کے لئے ہدایات جاری کی گئیں۔