( فہد علی ) شہر میں ہوائی فائرنگ کے واقعات کم نہ ہو سکے، شاہدرہ کے علاقے فضل پارک میں شہری کی ہوائی فائرنگ کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔
گزشتہ کئی برسوں سے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اسلحہ کی نمائش یا اسے غیر قانونی طور پر رکھنے کی سخت پابندی ہے لیکن عموما رات کے وقت شہر کے مختلف علاقوں میں جاری شادی بیاہ کی تقریب میں ہونے والی ہوائی فائرنگ کی آوازیں سنی جاتی ہیں جس سے شہریوں میں خوف وہراس پیدا ہوجاتا ہے۔
ان عوامل کے نتیجے میں رونما ہونے والے حادثات کی خبریں نظر تو آتی ہیں لیکن ارباب اختیار خصوصا پولیس، ڈولفن فورس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔
آج کل کی نوجوان نسل میں ہوائی فائرنگ کرکے ویڈیو سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرنا ٹرینڈ بن چکا ہے۔ اس کے باوجود اکثر پولیس اہلکار اس کا نوٹس نہیں لیتے یا اس وقت کارروائی کرتے ہیں جب فائرنگ سے قیمی جان کا ضیاع ہوجاتا ہے۔
شاہدرہ کے علاقے فضل پارک میں شہری کی ہوائی کرتے ہوئے ویڈیو منظر عام پر آگئی۔ سٹی فورٹی ٹو کو موصول ہونے والی ویڈیو میں شہری کو فائرنگ کرتے ہوئے واضع دیکھا جا سکتا ہے۔ فائرنگ کی وجہ سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔
فضل پارک کے رہائشی کہتے ہیں کہ علاقے میں ہوائی فائرنگ معمول بن گیا ہے مگر پولیس کی جانب سے فائرنگ کرنے والوں کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی۔
دوسری جانب چند روز قبل اسلام پورہ کےعلاقے میں ہوائی فائرنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے والے 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق سرِعام ہوائی فائرنگ کرکے خوف وہراس پھیلانے والے 3 ملزمان گرفتار کرلئے گئے ہیں۔ ملزمان میں یاسر، انیس اورعدیل شامل ہیں۔
ملزمان نے اسلام پورہ کے علاقے میں ہوائی فائرنگ کی تھی جس سے شدید خوف وہراس پھیل گیا تھا۔ پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضہ سے 3 ناجائز پسٹل، میگزینز اور گولیاں برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔