قہصر کھوکھر: رمضان المبارک میں مساجد کی سکیورٹی اور پولیس فورس کی تعیناتی سے متعلق حکمت عملی تیار، مسجد اور امن کمیٹیوں کو فعال کر کے صوبے میں مساجد کی جیو ٹیگنگ کا عمل مکمل کر لیا گیا۔
صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت اور چیف سیکرٹری پنجاب میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں کمشنر لاہور سیف انجم، سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید اور متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ آئی جی پنجاب شعیب دستگیر، ڈویژنل کمشنرز اور آرپی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ماہ رمضان کے دوران مساجد میں نمازوں کے لئے صدر پاکستان کی جانب سے جاری کئے گئے 20 نکاتی ایس اوپیز کا اردو ترجمہ شہریوں کی آگاہی کے لئے آویزاں کیا جا رہا ہے اور رمضان المبارک میں مساجد کی سکیورٹی اور پولیس فورس کی تعیناتی سے متعلق بھی حکمت عملی تیارکرلی گئی ہے۔
جبکہ مسجد اور امن کمیٹیوں کو فعال کر کے صوبے میں مساجد کی جیو ٹیگنگ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ اب تک جنوبی پنجاب میں 47 لاکھ ایکڑ پر گندم اور22 لاکھ ایکڑ پر چنے کی فصل کی کٹائی کی جا چکی ہے۔
صوبے میں گندم خریداری کا عمل جاری ہے اور اجلاس میں احساس پروگرام کے تحت امدادی رقوم کی تقسیم میں بائیومیٹرک تصدیق کے عمل میں مسائل کے حل کے لئے نادرا کی ٹیموں کی مدد لینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
ڈی آئی جی آپریشنزسہیل سکھیرا کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب نے اہلکاروں کو میسر وسائل سے کھانا وپانی مہیا کرنے کے احکامات دیئے ہیں، جبکہ موجود فنڈز اور مخیرحضرات کی مدد سے حفاظتی سامان کی فراہمی کی جارہی ہے، نمازتراویح کیلئے 28 ہزار اہلکار ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے۔
علاوہ ازیں آئی جی پنجاب نے احساس پروگرام، ناکوں، رمضان سکیورٹی پر پولیس کی ڈیوٹیاں لگادیں، لاہور سمیت پنجاب بھرمیں ایک لاکھ سے زائد اہلکار سکیورٹی وہنگامی ڈیوٹی پرتعینات کردیئے گئے ہیں جوکہ حکومتی احکامات پرعملدرآمد کے لئے 24 گھنٹے ڈیوٹی پرموجود ہیں۔