" پنجاب کو تحریک انصاف کا قلعہ بنا دیں گے"

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (علی اکبر، عمران یونس) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ملک سیاسی کشتی کا متحمل نہیں ہو سکتا، پنجاب تحریک انصاف کا سب سے بڑا سیاسی محاذ ہے، پنجاب کو پی ٹی آئی کا قلعہ بنا دیں گے۔

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میڈیا کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اقدامات کررہی ہے، یہ تاثر غلط ہے کہ حکومت میڈیا سے تصادم چاہتی ہے، وزیر اعظم کی ٹیم کا حصہ بن کر میڈیا کے حقوق کی جنگ لڑوں گی۔

 انہوں نے بتایا کہ میڈیا کارکنوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے عبوری ویج ایوارڈ کا اعلان کیا جارہا ہے، میڈیا کی جو ادائیگیاں ہیں وہ جلد کر دی جائیں گی، وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ آئندہ بجٹ عوام دوست بنایا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔

 ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسد عمر عمران خان کی ٹیم کا حصہ ہیں، یہ ضروری نہیں کہ ہر کھلاڑی سنچری کرے، کئی بار اچھے سے اچھا کھلاڑی بھی کارگردگی نہیں دکھا پاتا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو بات سمجھنے میں دیر لگتی ہے، وہ پانامہ فیصلے پر پہلے مٹھائی تقسیم کرتے ہیں اور پھر سزا ہونے پر احتجاج کرتے ہیں،پارٹی کے اندر کوئی اختلافات نہیں ہیں۔

دریں اثناء فردوس عاشق اعوان نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہیٰ سے ان کے چیمبرمیں بھی ملاقات کی،سپیکر نے فردوس عاشق اعوان کو نیا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی،ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

Sughra Afzal

Content Writer