نوازشریف کی ڈان لیکس والی ٹیم پارٹی پر حاوی ہے، پرویزالٰہی

نوازشریف کی ڈان لیکس والی ٹیم پارٹی پر حاوی ہے، پرویزالٰہی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( علی اکبر ) سپیکرپنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ فوج پاکستان کی سلامتی اور استحکام کی ضامن ہے، نوازشریف کی ڈان لیکس والی ٹیم پارٹی پر حاوی ہے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ فوج پاکستان کی سلامتی اور استحکام کی ضامن ہے، نوازشریف کی ڈان لیکس والی ٹیم پارٹی پر حاوی ہے۔ انہوں نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ فوج آئینی ادارہ ہے اور اس آئینی حیثیت میں وہ حکومت کے ساتھ جو تعاون کرتا ہے وہ بھی آئینی عمل ہے، نوازشریف اس آئینی عمل کی مخالفت کرکے آئین شکنی کے مرتکب ہوئے ہیں جو قابل افسوس بھی ہے اور قابل مذمت بھی۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف ہر وہ کام نہ کریں جو الطاف حسین کرتے رہے ہیں، الطاف حسین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وہ ان کا انجام بھی اپنے ذہن میں رکھیں، آج الطاف حسین قومی سیاست میں ماضی کا قصہ بن چکے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ابھی کچھ ہی دن پہلے آرمی چیف نے بھارت کے خطرناک عزائم کو بھانپتے ہوئے پاک فوج کو بھی جنگی تیاریاں تیز کرنے کا حکم دیا تھا اور عین اس دوران نوازشریف کی طرف سے اپنی ہی فوج کے خلاف اعلان جنگ ملک دشمنی کی بدترین مثال ہے۔ 

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ بھارتی ذرائع ابلاغ نے نوازشریف کے فوج دشمن بیان پر جس طرح شادیانے بجائے ہیں اور ان کو ہاتھوں ہاتھ لیا ہے اس سے ثابت ہوگیا ہے کہ ماضی کی طرح آج بھی وہ بھارت کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو آج کشمیریوں کی بھی یاد آگئی ہے حالانکہ جب وہ وزیراعظم تھے اور بھارت روزانہ کنٹرول لائن پر بمباری کرکے بے گناہ کشمیریوں کو شہید کررہا تھا تو نوازشریف نریندر مودی کے ساتھ پگڑیاں بدل رہے تھے اور اس کے گھر والوں کو ساڑھیاں بھجوا رہے تھے جبکہ فوج کنٹرول لائن پراپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہی تھی۔