ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

غیر قانونی تعمیرات کی حوصلہ شکنی کیلئے کمشنر لاہور کا بڑا ایکشن

غیر قانونی تعمیرات کی حوصلہ شکنی کیلئے کمشنر لاہور کا بڑا ایکشن
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(راؤ دلشاد ) کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر پانچ بلڈنگ انسپکٹر کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا، چار بلڈنگ انسپکٹرز کے خلاف محکمانہ کارروائی جبکہ ایک بلڈنگ انسپکٹر سلمان شہباز کیخلاف مقدمہ درج کرانے کا حکم دیا گیا۔

کمشنر لاہور و ایڈمنسٹریٹر آصف بلال لودھی نے غیر قانونی تعمیرات پر زونل افسران شعبہ پلاننگ کی خوب دھلائی کردی، کام نہ کرنے والوں کیلئے زیرو ٹالرنس کا اعلان کردیا۔ چار زونل افسران پلاننگ کو شوکاز نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا گیا ہے۔

کمشنر لاہور نے غیر ترقیاتی تعمیرات پر واہگہ زون، سمن آباد زون اور داتا گنج بخش زون کے زونل شعبہ پلاننگ کی سرزنش کی اور غیر قانونی تعمیرات پر برہمی کا اظہار کیا جبکہ زونل آفیسز میں کھلی کچہری لگانے کا اعلان بھی کردیا۔

بلڈنگ انسپکٹر سلمان شہباز کو چارج شیٹ کرکے پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرانے کی ہدایت کی اور آفیسر پلاننگ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جبکہ داتاگنج بخش زون کے ڈرافٹس مین محمد بشیر اور محمد امتیاز کو بطور بلڈنگ انسپکٹرز فرائض ادا کرنے سے روک دیا گیا۔ محمد بشیر اور محمد امتیاز کے خلاف سیکرٹری بلدیات کو پیڈا ایکٹ کے تحت محکمانہ کارروائی کی سفارش کردی گئی، مطلوبہ اہلیت نہ ہونے پر بلڈنگ انسپکٹرز وحید الدین اور محمداعظم کو معطل کرکے رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

کمشنر لاہور نے کہا کہ نائب قاصد بلڈنگ انسپکٹرز بنے بیٹھے ہیں، ہمارے نام پر لوگ پیسے مانگتے ہیں، شکایات بڑھتی جارہی ہیں کوئی کام کرنے کو تیار نہیں، اب صرف کام کرنے والے ہی رہیں گے۔ انہوں نے تمام زونل افسران و اہلکاروں کی حاضری بائیو میٹرک کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں چیف آفیسر ایم سی ایل سید علی عباس بخاری، پی ایس او ٹو ایڈمنسٹریٹر میاں وحید الزمان، ایم او پلاننگ رانا نوید اختر، زونل افسران امین مغل، رائے امتیاز، مزمل اشتیاق، رائے شاہنواز، نرگس زاہد چودھری، معصومہ اکرم اور سدرہ آصف سمیت دیگر بھی موجود تھے۔