(قذافی بٹ)صوبائی کابینہ میں ردوبدل، وزیراعلیٰ پنجاب نے کابینہ اراکین کی کارکردگی رپورٹس منگوا لیں، بعض اراکین پر مبینہ کرپشن کے الزامات کا بھی انکشاف ہوا۔
پنجاب حکومت ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کابینہ میں ردوبدل کا حتمی فیصلہ کرلیا، اگلے ہفتے کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی جائیں گی، ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ کے بعض اراکین پر الزامات ہیں کہ انہوں نے اپنی اپنی وزارتوں میں مبینہ کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کیا، تاہم ان الزامات کی تحقیقات کرائی جارہی ہیں، وزیراعلیٰ نے رپورٹس منگوا لیں جن کی تحقیقات اور شواہد کی روشنی میں طے کیا جائے گا کہ ان الزامات میں کتنی صداقت ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ معاملہ وزیراعظم عمران خان کے نوٹس میں بھی لایا گیا ہے، انہوں نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ اگر الزامات درست ثابت ہوتے ہیں تو ایک لمحہ ضائع کیے بغیر وزیر کو کابینہ سے فارغ کردیا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض کابینہ کے اراکین کی کارکردگی غیر تسلی بخش ہونے کے باعث ان سے وزارتیں واپس لی جارہی ہیں، جبکہ سبطین خان کی ضمانت پر رہائی کے بعد انہیں وزارت دینے یا نہ دینے کا بھی فیصلہ کیا جائے گا۔