سٹی42: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نون کے قائد میاں نواز شریف کے استقبال کیلئے ملک بھر سے کارکنوں کی لاہور آمد کا سلسلہ جاری ہے، اب یہ دکھائی دینے لگا ہے کہ آج مینار پاکستان پر میاں نواز شریف کا استقبالی جلسہ تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہو گا۔
میاں نواز شریف آج دوپہر دبئی سے خصوصی پرواز کے زریعہ اسلام آباد اور وہاں سے اسی طیارہ کے زریعہ لاہور ائیرپورٹ پہنچیں گے، وہ سہ پہر تک لاہور ائیرپورٹ سے بذریعہ سڑک یا ہیلی کاپٹر کے زریعہ مینار پاکستان پر پہنچیں گے جہاں انہیں طے شدہ پروگرام کے مطابق اپنے استقبال کیلئے ملک بھر سے آنے والے لیگی کارکنوں اور حامیوں کے اجتماع سے خطاب کرنا ہے۔
دبئی میں اہم سرکاری شخصیت سے ملاقات
مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے وطن روانگی سے ایک روز قبل جمعہ کےروز دبئی میں مصروف دن گزارا۔
کل دبئی حکومت کی ایک اعلیٰ شخصیت نے نوازشریف سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امورپر گفتگو کی گئی۔
ذرائع کا بتانا تھا کہ گزشتہ روز نواز شریف سے پاکستانیوں کےمختلف وفود کی بھی ملاقاتیں طے تھیں جس کی وجہ سے کل انہوں نے دبئی میں مصروف ترین دن گزارا۔
اسلام آباد روانگی کا وقت
مسلم لیگ نون کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی دبئی ائیرپورٹ سے اسلام آباد روانگی پہلے صبح ساڑھے آٹھ بجے متوقع تھی، اب صبح نو بجے ان کی فلائٹ روانہ ہو گی۔ نواز شریف کی پاکستان روانگی کا وقت فائنل ہوگیا ہے جس کے مطابق سابق وزیراعظم کی پرواز دبئی کے مقامی وقت کے مطابق ٹرمینل ٹو سے نو بجے روانہ ہوگی۔ نواز شریف کی پرواز FZ 4525 دبئی سے لاہور کیلئے بک ہے۔
دیگر شہروں سے قافلوں کی مینار پاکستان آمد
نواز شریف کےاستقبال کیلئے کارکنوں کی اسپیشل ٹرین مسلم لیگ ن سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ کی قیادت میں حیدرآباد ریلوے اسٹیشن سے روانہ ہوئی۔
جامشورو، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان، میرپورخاص، سجاول اور تھرپارکر سمیت دیگر اضلاع سے حیدرآباد پہنچنے والے قافلوں کے شرکا حیدرآباد سے چلنے والی اسپیشل ٹرین میں سوار ہو کر لاہور کیلئے روانہ ہوئے۔
کارکنان کی بڑی تعداد سندھی ٹوپی اور اجرک جبکہ تھرپارکر کے قافلے میں شامل کارکنوں نے تھر کی روایتی پگڑی پہنی ہوئی تھی۔
خواتین کارکنوں کی بھی بڑی تعداد ٹرین میں سوار ہے، ن لیگی کارکنان ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کرتے رہے، اسپیشل ٹرین 21 اکتوبر کی دوپہر لاہور پہنچے گی۔
آزاد کشمیر سے ن لیگ کے کارکنوں کے قافلے روانہ
آزاد کشمیر سے مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نوازشریف کے استقبال کیلئے ن لیگ کے کارکنوں کے قافلے لاہور کیلئے رواں دواں ہیں، کارکنوں نے کوہالہ پل کے مقام پر ریلی بھی نکالی اور نواز شریف کے حق میں نعرے لگائے۔
ن لیگ کے سینیئر رہنما ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر کا کہنا تھا کہ کمشیری بڑی تعداد میں نواز شریف کے استقبال کیلئے لاہور پہنچیں گے۔
بلوچستان سے قافلے روانہ
بلوچستان کے ڈویژن نصیر آباد، جعفر آباد، جھل مگسی، بولان، صحبت پور، سبی، ڈیرہ بگٹی، اوستہ محمد اور ڈیرہ مراد جمالی سمیت مختلف علاقوں سے سینکڑوں گاڑیوں پر مشتمل قافلے لاہور کیلئے روانہ ہوئے۔
سابق وزیراعظم کی وطن واپسی پر (ن) لیگ نے مینار پاکستان پر جلسے کا بھی انعقاد کیا ہے جس سے نواز شریف خطاب کریں گے اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بھی کریں گے۔
آخرِ شب جلسہ کا سماں