سٹی42: پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ملازمین نے مطالبات کی منظوری کے لیے 4 نومبر کی ڈیڈ لائن دے دی۔ ان کا کہنا ہے کہ تنخواہوں میں اضافہ، سروس سٹرکچر سمیت دیگر مطالبات تسلیم نہ کیے تو پنجاب بھر میں دھرنے دیئے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ملازمین نے بھی دھرنے کی دھمکی دے دی۔ ان کا کہنا ہے کہ 4 نومبر تک مطالبات پورے نہ ہوئے تو دھرنا دیا جائے گا۔ آج چوتھی بار لاہور سمیت پنجاب بھر کے 152 اراضی ریکارڈ سنٹرز نے محکمانہ کاموں کی تالا بندی کی اور شدید احتجاج ریکارڈ کروایا۔
پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے تمام ملازمین نے قلم چھوڑ ہڑتال جاری رکھی اور تمام ڈویژنز کے ملازمین نے اپنی اپنی ڈویژن میں اراضی ریکارڈ سنٹرز کی تالا بندی کر کے احتجاجی مظاہرے کیے۔ لاہور ڈویژن کے تمام ملازمین سٹی اراضی ریکارڈ سنٹر پر جمع ہو ئے اوراحتجاج ریکارڈ کرایا۔
ملازمین کا کہنا ہے کہ 15 ماہ بعد ہونیوالے بورڈ کے اجلاس میں ملازمین کے مطالبات پورے نہ ہونے کی وجہ سے احتجاج کرنے پر مجبور ہوئے۔
صدر لینڈ ریکارڈ اتھارٹی یونین میاں شاہد کا کہنا ہے کہ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی میں 3000 ملازمین ہیں۔ پی ایل آر اے ملازمین کی تنخواہوں میں گزشتہ تین سال سے اضافہ نہیں کیا گیا۔ تمام سٹاف کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے۔ کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کیا جائے۔ 4 نومبر تک ہر پیر کے روز قلم چھوڑ ہڑتال جاری رہے گی اور اگر مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو 4 نومبر کو پنجاب بھر میں احتجاجی دھرنے دیئے جائیں گے۔