(ویب ڈیسک) دہلی کے سکھ گوردوارہ مینجمنٹ کمیٹی نے سکھ برادری کے خلاف انسٹا گرام پر توہین آمیز زبان استعمال کرنے پرہفتے کے روز اداکارہ کنگنا رناوت کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ شکایت مندر مارگ پولیس سٹیشن کے سائبر سیل میں درج کروائی گئی ہے۔بھارت کی سکھ کمیونٹی نے اداکارہ کنگنا رناوت کو جیل یا پھر دماغی امراض کے ہسپتال بھجوانے کا مطالبہ کیا ہے۔
سکھ کمیونٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کنگنا رناوت نے جان بوجھ کر کسانوں کے احتجاج کو ”خالصتانی تحریک“ کے طور پر پیش کیا اور سکھ برادری کے خلاف توہین آمیز اور تضحیک آمیز زبان استعمال کی۔
دہلی سکھ گوردوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے صدر منجندر سنگھ سرسا نے اداکارہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کنگنا کو یا تو جیل میں ڈالا جانا چاہئے یا پھر دماغی ہسپتال میں بھیجنا چاہئے۔
منجندر سنگھ سرسا نے بیان میں کہا کہ کنگنا رناوت نفرت کی فیکٹری ہے، حکومت سے کنگنا کے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے نفرت انگیز بیان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس کی سیکیورٹی اور پدماشری ایوارڈ کو بھی فوراً واپس لیا جائے۔