ایشیا کپ کے ’’ہائبرڈ ماڈل ‘‘ کا منصوبہ جان پکڑنے لگا

ایشیا کپ کے ’’ہائبرڈ ماڈل ‘‘ کا منصوبہ جان پکڑنے لگا
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مانیٹرنگ ڈیسک: ایشیا کپ کے ’’ہائبرڈ ماڈل ‘’ کا منصوبہ جان پکڑنے لگا جب کہ بھارت نے آمادگی ظاہر کرنے کی صورت میں ورلڈکپ کیلئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اپنے ملک آنے کی یقین دہانی طلب کرلی۔

ایشیا کپ کا انعقاد رواں برس ستمبر میں پاک سرزمین پر ہونا ہے مگر ہمیشہ کی طرح بھارت نے دورے سے انکار کر دیا، میزبانی ہاتھ سے جاتے دیکھ کر پی سی بی نے ’’ہائبرڈ ماڈل ‘‘ کا فارمولہ پیش کیا جس کے تحت ابتدائی چار میچز پاکستان میں ہوں گے، پھر ٹیمیں بقیہ میچز کے لیے خصوصی طیارے کے ذریعے یو اے ای چلی جائیں گی،البتہ بھارتی بورڈ نے اس تجویز کا بھی مثبت جواب نہیں دیا تھا۔

بنگلہ دیش اور سری لنکا نے بھی سخت گرم موسم میں عرب امارات میں میچز پر اعتراض جڑ دیا،ایسے میں پاکستان نے سخت موقف اپناتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ایشیا کپ کے حوالے سے تجویز منظور نہ کی گئی تو گرین شرٹس بھارتی سرزمین پر شیڈول ورلڈکپ میں شرکت کے یے بھی نہیں آئیں گے، یو اے ای کی جگہ سری لنکا میں میچز کرانا پڑے تو ٹکٹوں کی فروخت سے حاصل شدہ رقم پاکستان کو ہی دینا پڑے گی۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق اب برف کچھ پگھلنے لگی،اعلیٰ حکام کو پیغام بھجوا دیا گیا کہ ٹھیک ہے ہم ہائبرڈ ماڈل کی تجویز مان لیتے ہیں جواب میں پاکستان بھی ورلڈکپ کیلئے بھارت آنے کی یقین دہانی کرائے، ابھی تک اس کا کوئی جواب نہیں دیا گیا،البتہ مثبت ردعمل سامنے آنا خارج از امکان نہیں ہے،گذشتہ روز چھٹی کے باوجود پی سی بی کے افسران ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے کسی ای میل کے منتظر رہے جو نہ آئی۔

دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ کا خصوصی جنرل اجلاس ہفتے کو ہوگا، اس موقع پر ایشیا کپ کے ’’ہائبرڈ ماڈل‘‘ کی منظوری لی جا سکتی ہے، اس روز ورلڈکپ کا شیڈول بھی جاری ہونے کا امکان ہے، بی سی سی آئی اس سے قبل ہی پاکستان سے دورے کی یقین دہانی چاہے گا، گرین شرٹس کا میزبان سے میچ احمد آباد پر رکھنے کی اطلاعات سامنے آنے پر پی سی بی پہلے ہی اعتراض کر چکا۔