(علی رامے ) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر 2010 سے بند داتا دربار کار پارکنگ کو زائرین کیلئے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا، پارکنگ کھولنے کیلئے ایس او پیز طے کئے جائیں گے، ایس او پیز طے کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی ۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار پرحاضری دی اور مزار پرچادروپھول چڑھائے، انہوں نے ملک کی ترقی و خوشحالی، سلامتی اور استحکام کیلئے دعا بھی کی۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے داتا دربار کے دورے کے دوران پارکنگ کو دوبارہ کھولنے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کردیں، وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر 13 برس بعد پارکنگ کھولنے کیلئے اقدامات کا آغاز کیا جارہا ہے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لنگر خانے کا بھی دورہ کیا اورزائرین کیلئے لنگر کے انتظامات کاجائزہ لیا اور لنگر کیلئے انتظامات کو خوب سے خوب تر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لنگر کی تیاری اور تقسیم کے انتظامات عالمی معیار کے مطابق کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ مدینہ فاؤنڈیشن سے حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار کے گرد برآمدوں کی توسیع کا معاہدہ خوش آئندہے۔