ویب ڈیسک: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہےصرف نیوٹرل کے لفظ کی وجہ سے آپ کی جماعت کا شیرازہ بکھر گیا۔ ایسا حال تو کسی تانگہ پارٹی کا بھی نہیں ہوا۔
پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر کوئی آپ کی مرضی کے مطابق نہیں چل رہا تو آپ اسے جانور سے تشبیہہ دے رہے ہیں۔ اگر کوئی آئین کی پاسداری کرتا ہے تو اس پر یوں مچھلی کی طرح تڑپنے کی کیا ضرورت ہے۔یا آپ چاہتے ہیں کوئی اور آپ کو گنتی پوری کر کے دے۔ آپ کو پتا ہے کہ آپ گیم ہار چکے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’اپنے 10 بندے پورے کر لو تو آپ کو 10 لاکھ بندے لانے کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی۔ آپ کے وزیراعظم ہونے کے باوجود آپ کی پوری پارٹی ریت کی طرح بکھر گئی ہے۔‘’آپ آج عبرت کا نشان بنے ہوئے ہیں اور ایک ایک دو دو سیٹوں والوں کے گھر جا رہے ہیں ، مجھے یاد ہے جب کوئٹہ لوگ لاشیں رکھ کر آپ کو بلا رہے تھے تو آپ نہیں گئے اور کہا کہ میں بلیک میل نہیں ہوں گا۔ آج آپ در در پر جا رہے ہیں، آپ مکافات عمل کا شکار ہوئے ہیں۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ ’کسی کو آپ کے خلاف سازش کرنے کی ضرورت نہیں، یہ آپ کی نااہلی کی وجہ سے ہو رہا ہے۔‘ ایک سوال کے جواب میں کہا کہ تحریک عدم اعتماد بغیر کسی کی مدد کے کامیاب ہوسکتی ہے پر ان کا کہنا تھا یہ نیوٹرل ہونے سے بھی کامیاب ہوسکتی ہے۔مریم نواز نے کہا کہ آج کل عمران خان کی تقاریر ایک ہارے ہوئے شخص کی تقاریر ہیں، وہ کبھی مذہب کارڈ استعمال کرتے ہیں تو کبھی سازش کارڈ، عوام نے ان کو ریڈ کارڈ دکھا دیا ہے.