سٹی42:بلوچستان کے علاقہ ہرنائی میں ایک تفریحی مقام سے دس افراد کو اغوا کر لیا گیا ہے۔ اغوا کرنے والوں کے متعلق اب تک کچھ معلوم نہین ہو سکا کہ وہ کون ہیں اور کیا چاہتے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ کوئٹہ سے 35 کلو میٹر دور ہرنائی کے قریب شابان میں پکنک کے لئے جانے والے 14 افراد کو اغوا کرلیاگیا۔ لیویز ذرائع کے مطابق نواحی پہاڑی علاقے شابان سے نامعلوم مسلح افراد نے پکنک پر گئے ہوئے 14 افراد کو اغوا کرلیا۔
لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ اغوا کیے گئے افراد شابان کے تفریحی مقام پر پکنک کے لیے گئے تھے،4 مغویوں کو بعد میں چھوڑ دیا گیا اور 10 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق 10 افراد کے اغوا کی اطلاعات ملنے کے بعد لیویز فورس اور انتظامی حکام موقع پر پہنچ گئے ہیں اور معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔
شبان کی جھیل
شبان کا علاقہ شبان جسے شعبان بھی کہا جاتا ہے ہرنائی کا وادی تور شور میں واقع چھوٹا سا گاؤں ہے۔ قدرے بلندی پر واقع اس علاقہ میں ایک خوبصورت جھیل ہے جس پرتفریح کے لئے کوہٹہ اور دیگر علاقوں سے لوگ آتے رہتے ہیں۔ یہ جگہ کوئٹہ شہر سے 35 میل کے فاصلے پر واقع ہے اور اس جگہ کا راستہ ہنہ اورک وادی سے ہوتا ہے، دشوار گزار پہڑای راستہ اور خستہ سڑک کی وجہ سے وہاں پہنچنے میں تین گھنٹے سے زیادہ کا وقت لگتا ہے۔ بلوچستان میں عام شہری گرمیوں کے موسم میں خاص طور سے عید کی چھٹیوں کے دوران گھروں سے تفریح کے لئے کئی چھوٹی چھوٹی جھیلوں پر جاتے ہیں جن مین سے ایک شبان کی یہ جھیل ہے جہاں سیاحوں کے اغوا کا واقعہ ہوا ہے۔