ویب ڈیسک: آج سال کا طویل ترین دن ہوگا اور مختصر ترین رات ہوگی، جس کے بعد دن کا دورانیہ بتدریج کم اور راتیں طویل ہونا شروع ہوجائیں گی، ڈائریکٹر محکمہ موسمیات ظہیر احمد بابر کا کہنا ہے کہ آج دن کا دورانیہ 14 گھنٹے 30 منٹ ہو گا جبکہ کل سے دن کا دورانیہ بتدریج کم اور راتیں طویل ہونا شروع ہو جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق سال کے تین سو پینسٹھ دنوں میں الگ الگ اتار چڑھاؤ ہوتے ہیں، پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں آج سال کا طویل ترین دن ہوگا، دن کا دورانیہ چودہ سے پندرہ گھنٹے پر محیط ہوگا اور کل بروز جمعہ 22 جون سے راتیں طویل ہونا شروع ہو جائیں گی۔
ماہرینِ فلکیات کا کہنا ہے اکیس جون کو زمین کا جھکاؤ سورج کی جانب زیادہ ہوتا ہے، جس کی وجہ سےسورج زیادہ دیر تک اپنی روشنی بکھیرتا رہے گا، اس دوران موسم گرما کی شدت بھی بر قرار رہے گی جبکہ رات مختصر ترین ہوگی۔
ماہرینِ فلکیات کے مطابق یکم جولائی کے بعد دن کا دورانیہ بتدریج کم ہونا شروع ہو جاتا ہے اور 22 ستمبر کودن اور رات کا دورانیہ تقریباً برابر ہوتا ہے۔اس کے بعد راتوں کے دورانیے میں اضافہ اور دن کا دورانیہ مختصر ہونا شروع ہو جاتا ہے۔ بائیس دسمبر سال کا مختصر ترین دن اور رات طویل ترین ہوتی ہے۔