حسن علی: عید قریب آتے ہی شہر میں سبزی مافیا سرگرم ہو گیا، سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے شہریوں کی چکرا کر رکھ دیا، ٹماٹر ایک سو بیس روپے، ادرک 480 روپے فی کلو فروخت ہونے لگا۔
تفصیلات کے مطابق عید قریب آتے ہی شہر میں سبزی مافیا سرگرم ہو گیا، سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے شہریوں کی چکرا کر رکھ دیا، ٹماٹر ایک سو بیس روپے، ادرک 480 روپے فی کلو فروخت ہونے لگا جبکہ ہرے مصالحے والی سبزیوں کی من مانی قیمت پر فروخت شہر بھر میں دھڑلے سے جاری رہی ہے۔
شہر لاہور میں بڑی عید سے پہلے مہنگائی کی بڑی لہر آگئی، سبزیوں کی قیمتوں کو پر لگ گئے، چٹخارے دار کھابوں میں استعمال ہونیوالا ٹماٹر عام شہریوں کی پہنچ سے باہر ہونے لگا۔ چند روز پہلے تک 20 روپے کلو فروخت ہونیوالا ٹماٹر 120 روپے میں فروخت ہونے لگے جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں آلو 90، پیاز 60 سے 70، ادرک 480، ہری مرچ 120، ہرا دھنیا 250، لیموں 160 روپے فی کلو میں فروخت ہوتے رہے جبکہ بھنڈی، کریلے کدو اور ٹینڈے 100 روپے سے زائد میں فروخت ہو رہے ہیں۔
خریداروں کا کہنا ہے عید سے تین ہفتے پہلے ہی مہنگائی نے پریشان کر ڈالا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سبزیوں کی نئی قیمت سے بہت مشکل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ٹماٹر، ادرک اور دیگر سبزیاں تو قوت خرید سے باہر ہو چکی ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ سبز مصالحہ جات کی قیمتوں کو فوری کنٹرول کرے تاکہ عوام کے لئے دو وقت کا کھانا بنانا آسان ہو سکے۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ دوسرے صوبوں سے سبزی آتی ہے جس کے باعث قیمتیں بڑھ گئی ہیں جبکہ حالیہ بارش نے بھی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔