(سٹی42) حکومت پنجاب نے ہدایت کار سرمد کھوسٹ کی فلم زندگی تماشا کی نمائش روک دی۔
حکومت پنجاب نے اعتراضات اورتحفظات کے تدارک کیلئے کمیٹی قائم کردی گئی۔ کمیٹی کے حتمی فیصلے تک فلم زندگی تماشا کی نمائش نہیں ہو گی۔ فلم کی نمائش روکنے پر 22 جنوری کو ہونیوالی ریلی بھی مؤخر کر دی گئی۔
فلم زندگی تماشا کا موضوع حساس ہونے کی وجہ سے سرمد کھوسٹ کو دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں، فلم کاٹریلر بھی یوٹیوب سے ہٹا دیا گیا ہے۔ فلم کی کہانی ایک نعت خواں کے گرد گھومتی ہے جس سے ایک غلطی ہوجاتی ہےاور اس غلطی کے باعث اس کی زندگی تماشا بن جاتی ہے۔
سرمد کھوسٹ نے صدر اور وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ بھی کی جس میں انھوں نے لکھا کہ ’’میں بھی پاکستانی ہوں‘‘۔ انھوں نے لکھا کہ 20 سال سے وہ اس انڈسٹری میں کام کر رہے ہیں۔ انھوں نے دوسال قبل فلم ’’ زندگی تماشا‘‘ پرکام شروع کیا اور وہ پاکستان سینما کی بحال پر کافی پرجوش تھے۔ انھوں نےمزید کہا کہ فلم بنانے کا مقصد کسی کی ذات پر حملہ کرنا یا پھر کسی پر انگلی اٹھانا نہیں تھا۔