(حسن خالد)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے سٹی فورٹی کے پروگرام "خاص ایٹ الیون" میں اہم رازوں سے پردہ اٹھا دیا، انہوں نے پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے ناراض اراکین کی تصدیق کردی، چوہدری سرور کہتے ہیں کہ اقتدار میں آنے سے پہلے پی ٹی آئی نے عوام سے جو وعدے کیے تھے انہیں اب پورا کرنا ہوگا، اتحادیوں کے شکوے درست ہیں مگر سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
سٹی فورٹی ٹو کے پروگرام خاص ایٹ الیون میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ پروگرام میں ڈائریکٹر سٹی 42 خرم کلیم نے میزبانی کے فرائض انجام دیے جبکہ دیگر پینلسٹ میں چیف ایڈیٹر سٹی42 سلیم بخاری،ڈائریکٹر 24 نیوز میاں طاہر، گروپ ایڈیٹر نوید چوہدری اور ڈائریکٹر پروگرامنگ انصار نقوی شامل تھے۔ پروگرام میں پینلسٹ ارکان کی جانب سے دوستانہ ماحول میں تندوتیز سوالات کیے گئے۔ چوہدری محمد سرور نے پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کے ناراض اراکین کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 15 سے 20 ارکان اسمبلی ناراض ہیں۔ پنجاب بڑا صوبہ ہے اسلیے مسائل بھی زیادہ ہیں، ایسا ہرگز ممکن نہیں کہ وزیراعلی چھڑی ہلائیں اور تبدیلی آجائے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ اتحادی جماعتوں کے درمیان گلے شکوے ناراضگیاں ہوتی رہتی ہیں،مگر حکومت کو کوئی خطرہ نہیں۔ چوہدری پرویزالہی سمیت تمام اتحادیوں کو ساتھ لے کرچلیں گے۔
گورنر پنجاب نے اعتراف کیا کہ پنجاب میں پولیس کلچر، صحت، بیوروکریسی سمیت دیگر شعبوں میں کئی مسائل موجود ہیں لیکن وہ پرامید ہیں کہ پنجاب حکومت بہت جلد انہیں حل کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔
افواہوں کی تردید کرتے ہوئے چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پنجاب کو مکمل طور پر وزیراعلی چلا رہے ہیں اور میں اپنے آئینی اختیارات میں رہ کر کام کر رہا ہوں مگر ایک شکوہ ضرور ہے کہ گورنر ہائوس سے جانے والی تجاویز کو سنجیدگی سے نہیں لیا جاتا۔