موسم کے حوالے سے محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

موسم کے حوالے سے محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

روزینہ علی : آج رات موسم کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہے گا۔ بالائی خیبر پختونخوا ،گلگت بلتستان ، کشمیر اورملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ 

جمعرات  کے روزموسم کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہے گا، تاہم ایبٹ آباد ، مانسہرہ اورکوہستان میں پرتیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پربرفباری ہوسکتی ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، مری، گلیات اور گردو نواح میں موسم شدید سرد اور  تیز ہوائیں چلنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کے علاوہ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، سندھ کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہنے کے علاوہ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں  موسم شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پرتیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔