"پاکستانیوں کے دل مکہ اور مدینہ میں دھڑکتے ہیں"

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

علی اکبر: سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مذہبی اور دوستانہ بنیادوں پر استوار ہیں، پاکستانی عوام سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے سعودی عرب سے بڑھ کر مقدس اور کچھ نہیں۔

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے خانہ کعبہ کے کلید بردار ڈاکٹر صالح زین العابدین کے پاکستان میں ترجمان میاں عبدالرحمن نے وفد کے ہمراہ ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی، مفتی شہباز عالم، عبدالکبیر آزاد اور میاں محمد طارق موجود تھے۔ میاں عبدالرحمن نے کلید بردار خانہ کعبہ ڈاکٹر صالح زین العابدین کا خصوصی پیغام پہنچایا اور کہا کہ خانہ کعبہ میں خصوصی طور پاکستان کی سلامتی اور چودھری شجاعت حسین کی صحت کیلئے دعاکی گئی۔

 چودھری پرویزالٰہی نے نیک جذبات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مذہبی اور دوستانہ بنیادوں پر استوار ہیں، کورونا وبا کی وجہ سے پاکستانی عارضی طور پر عمرہ کی سعادت حاصل کرنے سے محروم ہیں، پاکستانیوں کے دل مکہ اور مدینہ میں دھڑکتے ہیں، ہم سب دعا گو ہیں کہ اس موذی مرض سے جلد نجات حاصل ہو اور مسلمان آزادی کے ساتھ مذہبی رسومات ادا کر سکیں۔