ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سعودی خواتین کو فوج میں بھرتی کی اجازت مل گئی

سعودی خواتین کو فوج میں بھرتی کی اجازت مل گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 ویب ڈیسک: سعودی وزارت دفاع کے احکامات کے بعد خواتین کے سعودی افواج میں بھرتی کے سلسلے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ سعودی وزارت دفاع کے احکامات کے بعد مردوں کے علاوہ خواتین بھی فوج میں تعیناتی کی درخواست دائر کر سکیں گی۔

تفصیلات کے مطابق سعودی حکام نے خواتین کو فوج میں بھرتی کی اجازت دے دی۔ اتوار سے آن لائن پورٹل کے ذریعے سعودی فوج میں داخلے کے لیے درخواست دائر کرنے کے سلسلے کا آغاز ہو رہا ہے۔ سعودی عرب کی آرمی، ایئر فورس، نیوی، سٹریٹیجک میزائل فورس اور میڈیکل سروس میں سپاہی سے لے کر سارجنٹ تک کی تعیناتیوں کے لیے درخواست دی جا سکتی ہے۔ 

تمام درخواست گزاروں کو طبی لحاظ سے تندرست ہونے کے علاوہ داخلے کی تمام شرائط پر پورا اترنا ہوگا۔ تاہم خواتین کے لئے اضافی شرائط رکھی گئی ہیں۔ کوئی بھی خاتون سرکاری ملازم فوج میں بھرتی ہونے کی اہل نہیں ہیں۔ اس کے علاوہ متعلقہ خواتین کو 21 سے 40 سال تک کی عمر کا ہونا چاہیے اور ان کا قد 155 سینٹی میٹر یا اس سے زیادہ ہونے کی شرط رکھی گئی ہے۔ 

خواتین درخواست گزاروں کے لئے سکول کی تعلیم ہونا لازمی ہے، اس کے علاوہ ان کے پاس  ذاتی شناختی کارڈ ہونا چاہیے تاہم غیر ملکی سے شادی کرنے کی صورت میں سعودی خاتون فوج میں بھرتی کی اہل نہیں ہے۔ مردوں کے لیے 17 سے 40 سال کی عمر کی شرط کے علاوہ کم از کم قد 160 سینٹی میٹر ہونے کی شرط رکھی گئی ہے۔