(سٹی 42) گاڑی و موٹر سائیکل مالکان ہوجائیں ہوشیار، اب جعلی اور بوگس نمبر پلیٹ پر چالان کی بجائے مقدمہ درج ہوگا، سی ٹی او نے احکامات جاری کر دیئے۔
سی ٹی او کیپٹن(ر) سید حماد عابد نے کالے شیشوں اور غیر نمونہ نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پرائیویٹ گاڑیوں پر گرین نمبر پلیٹس اور نیلی لائٹ لگانے والوں پر ایف آئی آرز درج کی جائیں اور بغیر نمبر پلیٹس موٹر سائیکلوں کو تھانوں میں بند کروا دیا جائے، غیر قانونی طور پر پولیس فلیشر لائٹ لگانے والوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ نمبر پلیٹس پر ٹیمپرنگ، جعلی اور واضح نمبر نہ ہونے پر کوئی عذر قبول نہیں، شہری پریشانی سے بچنے کیلئے محکمہ ایکسائز کے نمونہ کے مطابق نمبر پلیٹس لگائیں، ایسی تمام گاڑیاں جن پر نمبر پلیٹس ایکسائز کے نمونے کے مطابق لگی ہیں، انہیں چالان نہیں کیا جارہا۔
سی ٹی او نے کہا کہ خصوصی مہم میں ابتک 5 لاکھ 14 ہزار 707 وہیکلز کو چالان ٹکٹ جاری کئے گئے، حکومت کے جاری کردہ نمونہ کے مطابق نمبر پلیٹس نہ لگانے پر 4 لاکھ 51 ہزار گاڑیوں کو کیخلاف کارروائی کی گئی، بغیر نمبر اور اپلائیڈ فار 43 ہزار 522 موٹرسائیکل اور گاڑیوں کو ٹکٹ چالان جاری ہوئے، ٹوٹی پلیٹس لگانے پر 9107 اور نمبرز کو ٹیمپرڈ کرنے پر 3412 وہیکلز کیخلاف کارروائی کی گئی، واضح نمبر پلیٹس نہ لگانے پر 3223 اور ای چالان سے بچنے کیلئے نمبرز مٹانے پر 4456 وہیکلز کو چالان ٹکٹ جاری کیے گئے جبکہ کالے شیشے والی گاڑیوں کے 19657 چالان کیے گئے۔