(علی رضا) سٹی 42 کی خبر پر محکمہ صحت کا ایکشن، ڈپٹی سیکرٹری ہیلتھ عبداللہ خرم نیازی نے انسانی جانوں سے کھیلنے کے گھناؤنے کاروبار میں ملوث شیخ زید ہسپتال کے میڈیکل سٹور کو سیل کردیا۔
گزشتہ روز شیخ زید ہسپتال میں زیر علاج مریضہ کندن بی بی کو زائد المعیاد انجکشن لگائے جانے کا انکشاف ہوا ، جس سے مریضہ کندن بی بی کی حالت تشویش ناک ہوگئی۔ڈاکٹرز اور نرسز کی بجائے مریضہ کے لواحقین نے انجکشن زائد المیعاد ہونے کو چیک کیا اور میڈیکل سٹور سمیت ہسپتال انتظامیہ کو سنگین صورتحال سے آگاہ کیا۔
لواحقین کا کہنا ہے کہ ہم پانچ روز سے شیخ زید ہسپتال کی ایمرجنسی کے سامنے قائم فور ڈی فارمیسی سے ادویات خرید رہے ہیں، فور ڈی فارمیسی پر فروخت ہونے والے ایک انجکشن کی قیمت 387 روپے ہے اور وہ ایکسپائر ہے۔
سٹی فورٹی ٹو پر خبر چلنے پہ انتظامیہ حرکت میں آئی، انسپکٹر ڈاکٹر خرم شہزاد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر کارروائی کا آغاز کیا تو فور ڈی فارمیسی کی انتظامیہ نے ڈرگ انسپکٹر ڈاکٹر خرم شہزاد کے ساتھ بدتمیزی کی، فارمیسی انتظامیہ کی غنڈہ گردی کی اطلاع ملنے پر بالآخر سرکار حرکت میں آئی اور ڈپٹی سیکرٹری ہیلتھ عبداللہ خرم نیازی نے موقع پر پہنچ کر شیخ زید ہسپتال کے میڈیکل سٹور کو سیل کر دیا۔