(سعود بٹ) پنجاب سوشل سکیورٹی کی گورننگ باڈی کا اجلاس 25 فروری کو طلب کرلیا گیا، جس کے ایجنڈے میں ڈاکٹروں کی تنخواہوں میں اضافہ اور لاہور میں میڈیکل کالج کی تعمیر سمیت دیگر اہم منصوبہ جات شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں سوشل سکیورٹی ادارے کیلئے15 نکاتی ایجنڈ ے پر فیصلے لیے جائیں گے، سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور سپیشلسٹ کی قلت دور کرنے کیلئے تنخواہوں میں اضافے کا ایجنڈا سرفہرست ہے، سوشل سکیورٹی ہسپتال ملتان روڈ میں میڈیکل کالج بنانے کا منصوبہ زیر بحث آئےگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انڈور مریضوں کیلئےایک وقت کےکھانےکی رقم 100 روپے سے بڑھا کر150 کرنے کی تجویز بھی ایجنڈے میں شامل ہے، سوشل سکیورٹی فارماسسٹ کو ہیلتھ پروفیشنلز الاؤنس کی فراہمی جبکہ گورننگ باڈی کے اختیارات کابینہ سے وزیر اعلیٰ اور سیکرٹری لیبر کو منتقل کرنے کا ایجنڈا شامل ہے، یوٹیلیٹی الاؤنس، بھرتیوں کی پالیسی اور پیسی سروس رولز میں ترمیم پر بحث کی جائے گی۔