(جنید ریاض) وزیر اعلیٰ پنجاب نے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی پانچ سالہ پالیسی کا اعلان کردیا، کہتے ہیں کہ رنگ، نسل اور فرقے کی تفریق کے بغیر ہر بچے کو تعلیم دیں گے، نئی پالیسی سے تعلیم کےشعبہ میں انقلاب لائیں گے۔
تحریک انصاف کی حکومت نے تعلیم کو فروغ دینے کے لیے پانچ سالہ پالیسی کا اعلان کر دیا، نوے شاہرائے قائد اعظم میں دی نیو ڈیل کے نام سے منعقدہ تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزادر نے خصوصی شرکت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شعبہ تعلیم میں سرمایہ کاری کر کے بچوں کا مستقبل روشن کیا جاسکتا ہے، دیگر اضلاع کے سکولوں کو بھی لاہور کے سکولوں جیسی سہولیات فراہم کرینگے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ شعبہ تعلیم کے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے وہ خود مانیٹرنگ کریں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کا کہنا تھا کہ مارچ 2020 میں یکساں نظام تعلیم اور نصاب متعارف کرائیں گے۔ ڈاکٹرز اور وکیل کی طرح اساتذہ کو پڑھانے کیلئے بھی لائسنس لینا لازمی ہوگا۔ محکمے میں رشوت کے خاتمہ کیلئے مئی میں ای ٹرانسفر شروع کر رہے ہیں۔
تقریب میں سینئر صوبائی وزیر میاں محمود الرشید اور وزیر صنعت تجارت میاں اسلم اقبال سمیت دیگر وزراء بھی موجود تھے۔ حکومت کی پانچ سالہ تعلیمی پالیسی پر کس حد تک عملدرآمد ہوتا ہے یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا۔