ویب ڈیسک : صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں شدید دھند کے باعث قومی ایئر لائن نے رات 10 سے دن 11 بجے تک کی بین الاقوامی پروازوں کو اسلام آباد منتقل کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دھند اور حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی رات 10 سے دن 11 بجے تک کی بین الاقوامی آپریٹ پروازوں کو اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پروازوں کی منتقلی مسافروں کو طویل انتظار سے بچانے کے لیے کی گئی ہے، منتقلی عارضی ہے، دھند کم ہونے پر صورتحال معمول پر آجائے گی۔ترجمان کے مطابق پروازوں کی منتقلی پر عمل درآمد آج رات سے کردیا جائے گا، مسافر پروازوں کی معلومات کے لیے کال سینٹر سے رجوع کریں۔
خیال رہے کہ گزشتہ چند دن سے شدید دھند کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر اندرون و بیرون ملک جانے والی متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہورہی تھیں، لاہور ایئرپورٹ پر صبح کے اوقات میں پروازوں کو لینڈنگ کی اجازت بھی نہیں دی جارہی تھی۔