ویب ڈیسک : وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ چار بجے کے بعد پرویز الٰہی وزیراعلیٰ نہیں رہیں گے۔
اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان شام چار بجے کے بعد نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیں گے اور نئے نوٹیفکیشن کے بعد پرویز الٰہی وزیر اعلیٰ نہیں رہیں گے۔رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب وزیراعظم کو کہہ سکتے ہیں کہ صوبے میں گورنر راج لگایا جائے۔ بیوروکریسی سے کہوں گا کہ وہ آئین اور قانون کے مطابق چلیں۔
وزیر داخلہ نے پنجاب کی وزارت اعلیٰ سے متعلق کہا کہ پرویز الٰہی کے جانے کے بعد ہمارے وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز ہوں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی مبینہ آڈیوز سے متعلق رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کی آڈیو حقیقت ہے، ان کی ویڈیوز بھی موجود ہیں۔
قبل ازیں سابق صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم کے مابین رابطہ ہوا، جس میں پنجاب میں اعتماد کے ووٹ اور پرویز الٰہی کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے متعلق معاملات پر مشاورت کی گئی۔پارٹی ذرائع کے مطابق پی پی اور ن لیگ کی قیادت کی ہدایت پر دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کو گورنر پنجاب سے مشاورت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
- دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب کا اعتماد کا ووٹ لینے کے معاملے پر گورنر ہاؤس میں مشاورتی اجلاس جاری ہے جس میں قانونی پہلوؤں پر غور کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن تاحال کسی فیصلے پر نہیں پہنچ سکی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن نے آج پنجاب اسمبلی میں نہ جانے کا فیصلہ بھی کیا ہے، تاہم صوبے میں گورنر راج لگانے یا وزیر اعلیٰ کو دوبارہ خط لکھنے پر مشاورت جاری ہے۔