ویب ڈیسک: پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا اہم بیان سامنے آگیا۔ کہتے ہیں کہ پنجاب کا اگلا وزیراعلیٰ کون ہوگا، فی الحال کچھ نہیں کہا جاسکتا، پرویزالٰہی نے وزارت اعلیٰ کے مواقع ضائع کئے۔ اب دیکھنا ہوگا کہ پی ڈی ایم پرویزالٰہی پر اعتماد کرے گی یا نہیں۔
اسلام آباد میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا عمران خان اسمبلیاں توڑ بھی دیں تو کوئی سیاسی ہیجان پیدا نہیں ہوگا، پنجاب اور کے پی اسمبلی توڑی گئی تو عمران خان کا خانہ خراب ہوجائے گا، پنجاب میں تبدیلی کا فائدہ پی ڈی ایم کو ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جنرل باجوہ نے وردی اتار دی تو عمران خان شیر بن گئے ہیں، جب ’’ابے نے عاق کردیا تو نکہ شیر بن گیا‘‘، ایک وقت تھا یہ جنرل باجوہ کی خوشامد کرتے تھے۔
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ کا کہنا ہے کہ عمران خان خود کہتا ہے فیصلے ادھر ہوتے تھے تو اس کا مطلب وہ خود ڈمی تھا، باجوہ صاحب اس نتیجے پر پہنچے کہ یہ آدمی کام کا نہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حمایت کرنیوالی بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ کو بھی اب سوچنا چاہئے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پنجاب کا اگلا وزیراعلیٰ کون ہوگا؟ فی الحال کچھ نہیں کہا جاسکتا، ایک ہفتے میں صورتحال واضح ہو جائیگی، کچھ بھی ہوجائے، الیکشن وقت پر ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پرویزالٰہی نے پی ٹی آئی کی گود میں بیٹھ کر حکومت بنائی، اب لڑائی ہوگئی، ن لیگ کو پنجاب میں کلیدی سیاسی عہدے کا سوچنا ہوگا، پرویزالہٰی نے وزارت اعلیٰ کے مواقع ضائع کئے، پرویز الٰہی کو اب وزیراعلیٰ بنانے کا کوئی ارادہ نہیں، دیکھنا ہوگا پی ڈی ایم پرویز الٰہی پر اعتماد کرے گی یا نہیں؟۔