(سٹی 42) تاجروں، صنعتکاروں اور کاروباری افراد کیلئے بڑی خوشخبری، لاہور ہائیکورٹ نے ایف بی آر کو پانچ سال سے زائد المعیاد ٹیکس وصولی کے نوٹسز جاری کرنے سے تا حکم ثانی روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد فرخ عرفان نے مغل سٹیل لمیٹڈ کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزارکی جانب سے محمد محسن ورک ایڈووکیٹ پیش ہوئے، درخواست میں وفاقی حکومت، ایف بی آر سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ۔ درخواستگزار نے موقف اختیار کیا کہ سیلزٹیکس ایکٹ کےسیکشن 11کےسب سیکشن 5 کےتحت 5 سال سےزائد مدت کانوٹس جاری نہیں ہوسکتا۔ایف بی آر کا زائدالمعیاد نوٹس جاری کرنا آئین کےآرٹیکل 10 اے کی خلاف ورزی ہے۔
درخواست گزار وکیل نےاستدعا کی کہ عدالت ایف بی آرکو زائدالمعیاد ٹیکس کےنوٹس جاری کرنے کےاقدام کوکالعدم قراردے ۔ایف بی آر کےوکیل نے جواب دیتےہوئےموقف اختیار کیا کہ سیلزٹیکس ایکٹ کےسیکشن گیارہ دو کےتحت قانونی طورپرنوٹس جاری کررہےہیں ۔
عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد ایف بی آر سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔