ماڈل ٹاؤن(سٹی42) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے شہباز شریف کو 31 دسمبر سے پہلے سٹیپ ڈائون کرنے کا عندیہ دے دیا اور ساتھ ہی 28 دسمبر کو آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان بھی کر دیا۔ شیخ رشید نے کہا کہ دونوں بھائی رام اور شام کا کھیل کھیل رہے ہیں ایک بھائی عدلیہ کے قصیدے پڑھتا ہے تو دوسرا بھائی عدلیہ کے فیصلے سے ناخوش ہے۔
سانحہ ماڈل ٹائون کیس کے حوالے سے ڈاکٹر علامہ طاہر القادری نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر علامہ طاہر القادری نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف کے حکم سے کارکنوں کو شہید کیا گیا، پورے لاہور سے نفری منگوائی گئی، اصل گناہ گار شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ ہی ہیں۔ طاہر القادری نے 28 دسمبر کو آل پار ٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان کر دیا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف اور عوامی مسلم لیگ علامہ طاہر القادری کے ساتھ ہیں۔ شہباز شریف اور نواز شریف رام اور شام بنے ہیں۔ ایک بھائی عدلیہ کے قصیدے پڑھتا ہے تو دوسرا بھائی عدلیہ کے خلاف ہے۔
شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف نے سی پیک کی آڑ میں کرپشن کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کرپشن میں اسحاق ڈار سے بھی آگے نکل گئے۔
اٹھائیس دسمبر کو عوامی تحریک کے سیکرٹریٹ میں آل پارٹیز کانفرنس کی جائے گی اور آگے کا لائحہ عمل اختیار کیا جائے
گا۔