(ویب ڈیسک)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی لندن میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے ملاقات،ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ملاقات کے بعد بلاول بھٹو اور نواز شریف نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔ پریس کانفرنس کے دوران نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کو جو نقصان ہوا ہے اس کو ٹھیک کرنا ہے۔
عمران خان نے کہا تھا آئی ایم ایف جاؤں گا تو خودکشی کرلوں گا، ہم نے تو خودکشی کرتے نہیں دیکھا۔
سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری چل کر میرے پاس آئے شکریہ ادا کرتا ہوں، بلاول بھٹو زرداری سے کل پھر ملاقات ہوگی۔
نواز شریف نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں میرے خلاف غیر ملکی سازش ہوئی، بھائی آپ نے کونسے ایٹمی دھماکے کردیے تھے جو آپ کیخلاف سازش کرنے کی ضرورت پڑتی، آپ نے تو ویسے ہی پاکستان کی معیشت کو تباہ و برباد کردیا ہے۔
اس موقع پر بلاول نے کہا کہ ہم نے جو کامیابی حاصل کی ہے ایک تاریخ رقم کی ہے، پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے ماضی میں بھی مل کر تاریخ لکھی ہے، تین چار سال میں ہم نے مل کر اس سلیکٹڈ حکومت کو ختم کیا، ایک غیر جمہوری شخص پاکستان پر مسلط کیا گیا ، ہم نے ان کے خلاف کوئی غیر جمہوری قدم نہیں اٹھایا، ہم نے عدلیہ یا کسی دوسرے اداروں کو اس میں ملوث نہیں کیا، ہم نے جمہوری طریقے اپنا کر اس وزیراعظم کو ہٹایا جو غیر جمہوری طریقے سے کرسی پر بیٹھا تھا۔
بلاول کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کوگھر بھیج دیا جو نقصان اس نے ملک کو پہنچایا اس کو ٹھیک کرنا ہے، سلیکٹڈ راج کا خاتمہ صرف ہماری نہیں پوری قوم کی جیت ہے ۔ آج بھی ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا ساتھ اتنا ہی ضروری ہے جتنا میثاق جمہوریت کے وقت تھا۔