(ویب ڈیسک)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ ہم نے سلیکٹڈ سیٹ اپ کو ختم کرنا تھا،عمران خان اور سلیکٹڈ حکومت کا مقصد جمہوریت کو ختم کرنا تھا۔غیر ملکی نہیں یہ جمہوری سازش تھی، عمران خان کیخلاف وائٹ ہاﺅس کی نہیں بلاول ہاﺅس کی سازش تھی ۔
مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ عمران خان نے ملک کا جو نقصان کیا اس کی تلافی باقی ہے، پاکستان کو جمہوریت کی طرف لے کرجانا ہے،ان کا کہناتھا کہ نوازشریف کے ساتھ بہت خوشی سے مل رہا ہوں،ہمیں ایک بار پھر پاکستان کو جمہوریت کی طرف لے کر جانا ہے ۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہاکہ 2007 میں ہمارے سارے ادارے متنازعہ بن گئے تھے، اس وقت بھی ہم نے ملکر معاملات ٹھیک کئے،نیوٹرل کا لفظ استعمال نہیں کر رہا۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ غیر ملکی نہیں یہ جمہوری سازش تھی ،عمران خان کیخلاف وائٹ ہاﺅس کی نہیں بلاول ہاﺅس کی سازش تھی ،ہم نے ملکر جمہوری طریقہ سے سلیکٹڈ سیٹ اپ کا خاتمہ کیا۔
ان کا کہناتھا کہ عمران خان تو ن لیگ پر تنقید کرتے تھے کہ مجھے کیوں نکالا،عمران خان کا بیانیہ ہے کہ مجھے کیوں نہیں بچایا۔
دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں مجموعی سیاسی صورت حال آئندہ عام انتخابات، گورنرز کی تقرری جبکہ سیاسی معاملات میں افہام و تفہیم اور اتفاق رائے سے ساتھ چلنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم اور پنجاب کے وزیراعلیٰ کے انتخابات میں کامیابی پر بھی مبارکباد بھی دی۔
چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی لندن میں قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف سے ملاقات۔ ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلۂ خیال۔ میٹنگ میں سینیٹر اسحاق ڈار، عابد شیر علی، شیری رحمان، قمر زمان کائرہ اور نوید قمر بھی موجود تھے۔