(مانیٹرنگ ڈیسک) شہباز حکومت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی کابینہ کے کئی ارکان کے نام نو فلائی لسٹ میں ڈالنے کا فیصلہ کرلیا ۔
نجی ٹی وی کی ایک رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت نے سابق وفاقی کابینہ کے کئی ارکان کے نام نو فلائی لسٹ میں ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے کیوںکہ حکومت یہ سمجھتی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں مبینہ طور پر کرپشن سے جمع کی گئی رقم کی وجہ سے سابق کابینہ کے بعض ارکان کسی بھی وقت بیرون ملک فرار ہو سکتے ہیں۔
علاوہ ازیں کابینہ کی جانب سے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی منظوری دے دی گئی ، اسی طرح وفاقی کابینہ نے ای سی ایل کمیٹی کی منظوری دے دی ہے جو ای سی ایل سے متعلق ٹی او آرزکا جائزہ لے کر کابینہ کو رپورٹ دے گی اس کے علاوہ نام ای سی ایل میں ڈالنے یا نکالنے سے متعلق فیصلہ ای سی ایل کمیٹی کرے گی۔
اس حوالے سے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پچھلی حکومت میں شہزاد اکبر کی سربراہی میں وزیر اعظم کے احتساب سیل کے ذریعے بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا ، اسٹاپ لسٹ اور واچ لسٹ سابق وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر بنائی گئیں ، وفاقی کابینہ نے پی ٹی آئی حکومت کے دوران پھیلی فہرست کا جائزہ لینے کے لیے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی سربراہی میں ای سی ایل کمیٹی تشکیل دی ہے ۔
کابینہ کے ارکان سید نوید قمر، اسد محمود اور ایاز صادق کمیٹی میں شامل ہیں ، وزیراعظم نے کمیٹی کو ای سی ایل کا جائزہ لینے اور تین دن میں کابینہ کو رپورٹ پیش کرنے کا کہا ہے۔