احساس پروگرام، بزرگ شہری خوار ہوگئے

احساس پروگرام، بزرگ شہری خوار ہوگئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( عثمان علیم ) احساس کفالت سنٹرز پر بزرگ شہریوں کے فنگر پرنٹس کی تصدیق کا مسئلہ حل نہ ہو سکا، گلاب دیوی ہسپتال میں صبح آٹھ بجے کے قطار میں لگے بزرگ خواتین و مرد خوار، فنگر پرنٹ کی تصدیق نہ ہونے پر بزرگ شہری مایوس ہوگئے۔

شہر میں لگائے گئے 31 احساس کفالت سنٹرز میں بزرگ شہریوں کے فنگر پرنٹس کی تصدیق کا مسئلہ 11 روز بعد بھی حل نہ ہوسکا۔

گلاب دیوی سمیت دیگر احساس کفالت سنٹرز کا رخ کرنیوالی بزرگ خواتین و مرد گھنٹوں لائنوں میں لگنے کے بعد فنگر پرنٹس کی تصدیق نہ ہونے پر خوار ہوتے رہے۔

بزرگ خواتین کا کہنا ہے کہ صبح آٹھ بجے کے لائن میں لگے باری آنے پر فنگر پرنٹس کی تصدیق نہیں ہوئی اور نادرا دفتر جانے کو کہ دیاگیا ہے جو کہ بند ہیں۔

ڈپٹی کمشنر دانش افضال کا کہنا ہے کہ گزشتہ دس روز میں کفالت سنٹرز پر اب تک 93 ہزار 411 افراد میں ایک ارب 13 کروڑ 91 لاکھ 53 ہزار کی رقم ادا کی گئی۔

بزرگ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ ہر سنٹر پر بزرگ شہریوں کے فنگر پرنٹس کی تصدیق کیلئے نادرا وینز کھڑی کی جائیں تاکہ مستحق بزرگ شہری ذلت و خواری سے بچ سکیں۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول پنگالی ڈیری برکی روڈ کے احساس کیمپ میں رقم نہ دینے پر کارروائی کرتے ہوئے سکول کا ایجنٹ گرفتار کر لیا۔

محمد فہیم اسلم نامی ایجنٹ نے اقبال بانو کو رقم کی ادائیگی نہیں کی، انگوٹھا سیکننگ کے بعد ایجنٹ نے رقم ملتان روڈ سنٹر سے ملنے کی غلط بیانی کی اور رقم خود رکھ لی۔

اقبال بانو 19 اپریل 2020 کو ملتان روڈ سنٹر گئیں، تصدیق کے بعد معلوم ہوا کہ رقم 12 اپریل 2020 کو نکلوائی جا چکی تھی، متاثرہ خاتون کے شکایت کرنے پر ضلعی انتظامیہ نے اس پر کارروائی کی۔

اقبال بانو کی رقم 21 ہزار روپے بنتی تھی جو کہ کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو 21 ہزار روپے دلوا دئیے گئے ہیں جبکہ غلط بیانی کرنے اور رقم بٹورنے پر ایجنٹ فہیم اسلم کیخلاف ایف آئی آر کا اندراج کروا دیا گیا ہے۔