( سعود بٹ ) منی لانڈرنگ اور اثاثہ جات کیس کا معاملہ، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی آج نیب طلبی کیلئے انتظامات مکمل کر لیے گئے۔
نیب لاہور نے پیشی کے حوالہ سے انتظامات کو حتمی شکل دے دی۔ نیب ذرائع کے مطابق پیشی کے موقع پر نیب لاہور کے باہر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق کورونا وباء کے پیش نظر تفتیشی ٹیم سوشل ڈسٹینسنگ کے تحت مناسب فاصلے پر رہتے سوالات کرے گی۔ شہباز شریف سے 1998 سے لیکر 2008 تک خاندانی اثاثہ جات کی تفصیلات، قرضوں کی تفصیل اور زرعی آمدنی سمیت دیگر تفصیلات مانگی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف کیجانب سے پیشی کے حوالہ سے عدم تعاون کیا گیا تو نیب حکام کی جانب سے قانونی نقطہ نظر سے اہم فیصلہ متوقع ہے۔
نیب لاہور کیجانب سے شہباز شریف کیخلاف جاری اثاثہ جات انکوائری کیس میں 17 اپریل کو طلبی کا نوٹس ارسال کیا گیا تھا تاہم شہباز شریف نے کورونا کے باعث پیش نہ ہوئے تھے۔ نئے نوٹس میں شہباز شریف کو ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر شیخ رشید نے پہلی پیشی پر کہا تھا کہ میں نے ’’دم ‘‘ کیا اور شہباز شریف بچ گئے،اب بلائے گئے ہیں تو کیا بنتا ہے جیل جاتے ہیں یا لندن وقت ہی بتائے گا۔ان کے اس بیان پرترجمان نیب نے ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ نیب کسی کے ’’دم‘‘ پر کام نہیں کرتا،نیب کا کسی پارٹی،گروہ یا کسی فرد سے کوئی تعلق نہیں بلکہ آزاد قومی ادارہ ہے۔
اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پارٹی صدر شہباز شریف کو قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے جاری ہونے والے طلبی نوٹس پر ردعمل میں کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے اموات ہورہی ہیں اور نیب نیازی گٹھ جوڑ کو شہباز شریف کا غم کھائے جارہا ہے۔