شہر بھر سے (وقاص احمد) صوبائی دارالحکومت میں چوری وڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں شہریوں سے لاکھوں روپے، زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں سمیت دیگر قیمتی سامان چھین لیا گیا۔
تفصیلا ت کے مطابق ستوکتلہ میں ڈاکوﺅں نے سعید کے گھر سے 5 لاکھ 10 ہزار کی نقد ی، طلائی زیورات اور دیگر سامان، ڈیفنس سی میں ڈاکوﺅں نے وقار کے گھر سے 4 لاکھ 45 ہزار کی نقدی، طلائی زیورات اور دیگر سامان، نصیر آباد میں ڈاکوﺅں نے مزمل کے گھر سے2 لاکھ 60 ہزار کی نقدی، طلائی زیورات اور دیگر سامان، گلشن راوی کے علاقہ میں ڈاکوﺅں نے شاہد کے گھر سے 2 لاکھ 30 ہز ار کی نقدی، طلا ئی زیورات اور دیگر سامان، راوی روڈ میں ڈاکوﺅں نے شبیر کے گھر سے 1 لاکھ، زیورات اور دیگر سامان لوٹ لیا۔
مصری شاہ میں ڈاکوﺅں نے اویس سے 55 ہزار کی نقد ی اور دیگر سامان، فیکٹری ایریا کے علاقہ میں ڈاکوﺅں نے یاسرسے 28 ہزار کی نقدی اور دیگر سامان، ہربنس پورہ کے علاقہ میں ڈاکوﺅں نے منصور سے14 ہزارکی نقد ی زیورات اور دیگر سامان چھین لیا۔ قائد اعظم انڈسٹریل ایریا اور شادمان سے گاڑیاں اور لٹن روڈ، اکبری گیٹ اور کاہنہ سے موٹر سائیکلیں چوری ہو گئیں۔
لاہور پولیس کی شہر بھر میں ڈاکوﺅں اور چوروں کو پکڑنے کیلئے کارروائیاں جاری ہیں،آج سول لائنز پولیس نے ڈکیتی اور موبائل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ڈکیٹ گینگ کے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان میں سرغنہ گینگ عاطف عرف عاطی، آصف، ابوبکر، اشرف عرف بلو شامل ہیں، ملزمان کے قبضہ سے 5 موبائل فونز، لیب ٹاپ،1 رکشہ اور 2 پسٹل برآمد ہوئے، ملزمان سابقہ ریکارڈ یافتہ اور متعدد علاقوں سے چوری کا انکشاف کیا، ملزمان اسلحہ کے زور پر موبائل، لیب ٹاپ اور نقدی چھینتے اور فرار ہوجاتے تھے۔
دوسری جانب شیراکوٹ میں ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے، شہریوں نے ڈاکوﺅں کو تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔