(عابد چودھری) بھاٹی گیٹ میں تین منزلہ گھر زمین بوس ہونے سے میاں بیوی سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ تین بچوں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے، ریسکیو نے تمام زخمی افراد کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق بھاٹی گیٹ کے علاقہ محلہ اسلم خان میں تین منزلہ گھر کی عمارت اچانک زمین بوس ہوگئی، جس کی وجہ سے گھر میں موجود 3 سالہ حسیب، 5سالہ اریب، 35سالہ خضر حیات اور 15سالہ حافظ نواب، 45 سالہ شاہین، 35سالہ فرزانہ اور 40 سالہ شہزاد ملبے تلے دب گئے، پولیس اور ریسکیو ٹیمیوں نے امدادی کارروائیوں میں ملبے سے چار زخمیوں کو نکال کر ہسپتال منتقل کردیا جبکہ شاہین بی بی، شہزاد، قاسم اور اسکی بیوی 55 سالہ فرازنہ، 45 سالہ بشرہ اور بارہ سالہ عبداللہ کی لاشیں ملبے سے نکال لی گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی شہزاد گھر میں مہمان آیا ہوا تھا کہ افسوسناک واقعہ کا شکار ہوگیا، تنگ گلیوں کے باعث ریسکیو کو امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ریسکیو کے مطابق گھر تین مرلے پر مشتمل تھا اور خستہ حالی کے باعث زمین بوس ہو گیا۔