ویب ڈیسک: شادی دو افراد کے مابین ایک مقدس بندھن ہوتاہے جو زندگی بھر ساتھ رہنے کا وعدہ ہے، ہر مذہب اور ملک میں شادی کی مختلف رسومات ہوتی ہیں۔
ان مختلف رسومات میں سے دلہا دلہن کو کچھ شادی سے پہلے اور کچھ بعد میں ادا کرنی پڑتی ہیں، لیکن کیا آپ نے کسی ایسی رسم کے بارے میں سنا ہے جہاں دلہن کو شادی سے پہلے ٹنڈ کروانا پڑتی ہے۔یہ عجیب و غریب رسم افریقا کے ملک ایتھوپیا اور صومالیہ کے وسط میں واقعے بورانا قبیلے میں ادا کی جاتی ہے۔
بورانا قبیلہ 500 افراد پر مشتمل ہے۔اس قبیلے کی لڑکیوں کو صرف شادی سے پہلے ہی بال بڑھانے کا موقع دیا جاتا ہے۔ شادی سے پہلے لڑکیوں کو اچھا دلہا حاصل کرنے کیلئے بالوں کا بڑا حصہ منڈوا کر گنجا ہونا ہوتا ہے۔ اس قبیلے کے لوگوں کا ماننا ہے کہ اگر شادی سے پہلے لڑکیاں اپنا سر منڈوائیں گی تو انہیں ایک اچھا شوہر ملے گا۔
اس قبیلے کے حوالے سے ایک اور عجیب بات مشہور ہے کہ یہاں کے لوگ تصاویر بنوانے کو بھی برا سمجھتے ہیں۔ ان کے مطابق ایسا کرنا جسم میں خون کی کمی پیدا کردیتا ہے۔