ہیڈ نرسز کی نئی آسامیوں کی منظوری دے دی گئی 

ہیڈ نرسز کی نئی آسامیوں کی منظوری دے دی گئی 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( بسام سلطان ) انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کیلئے 17 ہیڈ نرسز کی نئی آسامیوں کی منظوری دے دی گئی۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنز پروفیسر خالد محمود کا کہنا تھا کہ ادارے میں علاج معالجے کا معیار مزید بلند ہوگا اور وارڈ مینجمنٹ میں بہتری آئے گی۔

صوبائی حکومت نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسز کے لئے 17 ہیڈ نرسز کی نئی آسامیوں کی منظوری دے دی جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر" پنز" پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے اس سلسلے میں بتایا کہ گریڈ 17 کی ہیڈ نرسوں کی تعیناتی سے نہ صرف نرسنگ کیئر بہتر ہوگی بلکہ ادارے میں علاج معالجے کا معیار بھی مزید بلند ہوگا اور وارڈ مینجمنٹ میں بہتری آئے گی۔

 نرسنگ سپرٹینڈنٹ پنز رضیہ شمیم کا کہنا تھا کہ نئی ہیڈ نرسوں کو ایمرجنسی، آئی سی یو، آپریشن تھیٹر اور ہائی ڈپنڈنسی یونٹ میں تعینات کیا جائے گا جس سے ہمہ وقت مریضوں کی مزید بہتر نگہداشت ہوگی۔ پروفیسر ڈاکٹرخالد محمود کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں ہیڈ انجری اور نیورو سرجری کی بیماریوں کے علاج معالجے میں پی آئی این ایس کو منفرد مقام حاصل ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور یہاں تمام مریضوں کو ایک ہی چھت تلے طبی سہولیات کی فراہمی جاری ہے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر "پنز" نے کہا کہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے نیورو انسٹی ٹیوٹ کو ماڈل شفاخانہ بنانے کا ٹاسک دیا ہے اور اس ضمن میں تمام تر وسائل برؤئے کار لائے جا رہے ہیں۔